1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مقبوضہ علاقوں کی اشیاء پر لیبل لگایا جائے، یورپی عدالت

13 نومبر 2019

اسرائیلی یہودی آبادیوں سے آنے والی اشیائے خوراک پر خصوصی لیبل لگایا جائے تاکہ صارفین خریداری کے وقت اخلاقی معاملات سے آگاہ ہوں۔ یہ حکم یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت نے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3SxLg
Israel Palästina Shiloah-Wein aus der West bank
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Hollander

یورپیئن کورٹ آف جسٹس (ECJ) نے اپنے آج منگل 13 نومبر کو ایک فیصلے میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بسائی گئی یہودی بستیوں سے آنے والی اشیائے خوردونوش پر ان کی پیداوار کے مقام کا اسٹیکر لگایا جائے۔ یورپی یونین کی اس اعلیٰ ترین عدالت کے حکم میں کہا گیا ہے کہ یونین کے رکن ممالک خوردہ فروشوں کے لیے یہ لازمی بنائیں کہ وہ فلسطینی علاقوں میں بنائی گئی یہودی بستیوں میں تیار کردہ اشیاء کی شناخت کو یقینی بنائیں۔

یہ معاملہ سیاسی طور پر باعث تنازعے ہے کیونکہ اسرائیل سمجھتا ہے کہ یہودی آبادیوں میں تیار کی گئی اشیاء پر خصوصی لیبل لگانا امتیازی عمل ہے اور اسی باعث اسے اس پر شدید اعتراض ہے۔

فرانس کے مستغیث اعلیٰ نے ای سی جی سے 2016ء میں فرانس کی طرف سے تیار کردہ گائیڈ لائنز کے بارے میں وضاحت چاہی تھی جن میں کہا گیا تھا کہ فسلطینی علاقوں ویسٹ بینک اور گولان ہائٹس کے علاقوں میں تعمیر کی گئی یہودی بستیوں میں تیار ہونے والی اشیائے خورد ونوش پر خصوصی لیبل لگائے جائیں جن پر ان کے تیاری کی جگہ کی شناخت ہو سکے۔ ان اصولوں کو یورپین جوئش آرگنائزیشن اور Psagot  نامی کمپنی نے چیلنج کیا تھا۔ یہ کمپنی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انگوروں کے باغ کی مالک ہے۔

ان گروپوں کو خدشہ تھا کہ اس طرح کے لیبل لگانے سے لوگ ان مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے بالکل اسی طرح جیسے 'بائیکاٹ، ڈیویسٹمنٹ اینڈ سینکشنز‘ (BDS) نامی مہم اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتی ہے۔ اسرائیل اس مہم کو سامیت مخالف مہم قرار دیتا ہے۔

فلسطینی تنظیم آزادی کے سیکرٹری جنرل صائب برکات نے پورپی عدالت کے فیصلے کو 'قانوی اور سیاسی ذمہ داری‘ قرار دیا ہے۔

ای سی جی کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تیار کی جانے والی اشیاء پر محض 'اسرائیل میں بنی ہوئی‘ اشیاء کا لیبل لگانے سے صارفین دھوکے کا شکار ہو سکتے ہیں کہ جن علاقوں میں وہ تیار ہوئی ہیں اسرائیل کا ان پر قانونی حق ہے، اس حقیقت کے برخلاف کے اسرائیل نے ان پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے، اے پی)