1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملتان دھماکہ ایک معمہ بن گیا، بارہ افراد ہلاک

امجد علی14 ستمبر 2015

وسطی پاکستانی شہر ملتان کے ایک پُر ہجوم مقام پر ہونے والے بم دھماکے میں ایک بچے اور دو خواتین سمیت دَس شہریوں کے علاوہ دو حملہ آور بھی مارے گئے۔ آیا یہ ایک خود کُش حملہ تھا، پولیس ابھی قطعی طور پر یہ طے نہیں کر سکی ہے۔

https://p.dw.com/p/1GW1r
Pakistan Bombenanschlag in Multan
ملتان بم دھماکے کے بعد تباہی کا ایک منظرتصویر: Getty Images/AFP/SS Mirza

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کی شام ملتان کے وہاڑی چوک میں پیش آیا۔ ڈی پی اے نے ایک مقامی پولیس افسر اظہر اکرم کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس دھماکے کے نتیجے میں پچاس سے زیادہ افراد زخمی بھی ہو گئے، جن میں سے کئی ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لاشوں کی شناخت کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے اظہر اکرم کا کہنا تھا کہ اس دھماکے کے پیچھے غالباً دو نو عمر خود کُش حملہ آوروں کا ہاتھ ہے، جو موٹر سائیکل پر سوار تھے اور جنہوں نے اپنی موٹر سائیکل ایک رکشہ کے ساتھ ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔ اس پولیس افسر کا البتہ کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر یہ حملہ آور کسی اور ہدف کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن بارودی مواد پہلے ہی دھماکے سے پھٹ گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس دھماکے کے حوالے سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں چھ تا سات کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں زمین میں ایک بڑا گڑھا پڑ گیا۔

ملتان کا یہ دھماکہ پاکستانی شہروں میں قدرے سکون سے گزرنے والے کئی مہینوں کے بعد ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران القاعدہ اور اُن کے ساتھ گہری وابستگی رکھنے والے طالبان عناصر کی طرف سے اس طرح کے ہلاکت خیز حملے نہ ہونے کے برابر رہ گئے تھے۔

Pakistan Bombenanschlag in Multan
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں چھ تا سات کلوگرام بارودی مواد استعمال ہواتصویر: Imago/Xinhua

اسی طرح مختلف شہری اور فوجی اہداف پر حملوں میں بھی نمایاں کمی آئی ہے اور اس کی بڑی وجہ ایک سال سے جاری فوجی آپریشن ’ضربِ عضب‘ کے دوران ہونے والی کامیابیوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔

ملتان کے اس بم دھماکے سے کچھ ہی دیر پہلے پاکستانی فوج کے جیٹ طیاروں نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں پر بمباری کی۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران سترہ باغی ہلاک ہو گئے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید