1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملک کے مفاد میں مستعفی ہوتا ہوں :پرویز مشرف

18 اگست 2008

پیر کے دن پرویز مشرف نے ایوان صدر سے اپنی ایک براہ راست نشریاتی تقریر میں صدارت کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نےجذبات سے بھرے عوامی خطاب میں کہا کہ یہ فیصلہ ملک کے بہتری اور فلاح کے لئے کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/F09X
تصویر: AP

اطلاعات کے مطابق انہوں نے اپنا استعفی قومی اسمبلی کے اسپیکر کو دیا اور اس کی منظوری کے ساتھ ہی چیئر مین سینٹ محمد میاں سومرو پاکستان کے قائم مقام صدر کے فرائض سر انجام دیں گے۔

تقریبا ایک گھنٹے کے عوامی خطاب میں پرویز مشرف نے اپنی پالیسیوں کو اجمالی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ برسر اقتدار سیاسی اتحاد کی طرف سے لگائے جانے والے الزمات بے بنیاد ہیں ۔

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا کہ وہ اپنے دور اقتدار کے دروان ہونےوالی معاشی ترقی کی جامع رپورٹ جلد ہی عوام کے سامنے پیش کریں گے جس سے معلوم ہو سکے گا کہ انہوں نے کس طرح پاکستان کی خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ مواخذے سے نہیں ڈرتے اور وہ جانتے ہیں کہ وہ بے گناہ اور بے قصور ہیں تاہم مستعفی اس لئے ہوئے کہ قوم کے وقار کو ٹھیس نہ پہنچے اور عالمی برادری میں پاکستان کا نام خراب نہ ہو۔

انہوں نے اپنے تمام ساتھیوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اللہ کرے کہ ان کے استعفی دینے کے بعد ملک سیاسی اور اقتصادی صورتحال میں بہتری آئے۔