1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملی بینڈ کی جنرل کیانی سے ملاقات

17 جنوری 2009

برطانوی وزیر خارجہ نے اپنے دورہ پاکستان کے آخری دن پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق کیانی سے راولپنڈی میں ملاقات کی۔

https://p.dw.com/p/GaLB
تصویر: AP

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق کیانی سے فوجی ہیڈ کوارٹر، راولپنڈی میں ملاقات کی۔ پاکستانی حکام کے مطابق ملاقات کے دوران ممبئی حملوں کے علاوہ دھشت گردی کے خلاف جنگ جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔

برطانوی وزیرحارجہ بھارت کا سہ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان کے دوروزہ دورے پر تھے۔ ملی بینڈ کا جنوبی ایشیا کا دورہ ممبئی حملوں کے بعد پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کو دور کرنے کی ایک کوشش ہے۔ پاکستان کے دو روزہ دورے کے پہلے حصے میں ملی بینڈ نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے علاوہ صدرآصف علی زرداری، وزیر اعظم یوسف گیلانی اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے بھی ملاقات کی ۔ ملی بینڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کی کوشش کریں۔

Außenminister David Miliband
برطانیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات چاہتا ہے۔تصویر: AP

جنوبی ایشیا کے دورے کے دوران ملی بینڈ نے بارہا کہا کہ 27نرمبر کو بھارت کے بندرگاہی شہر ممبئی میں ہونے والے دھشت گردی کے واقعات میں لشکر طیبہ کا ہاتھ ہے جو کہ پاکستانی سر زمین کو دھشت گردی کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ تا ہم انہوں نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ پاکستانی ریاست اس میں ملوث نہیں۔ انہوں نے پاکستان سے دھشت گرد عناصر کے خلاف فوری ایکشن کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی پاک بھارت تعلقات میں بہتری کی امید بھی کی۔

وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد جمعہ کی رات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی بینڈ نے کہا: ’’ پاکستان کی سر زمین سے ہونے والی دھشت گردی پورے خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہے ۔‘‘

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل اشفاق کیانی سے ملاقات میں بھی برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی امن کے لیے پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ ضروری ہے۔