1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’ممبئی حملوں کی تیاری پاکستان میں ہوئی‘‘:من موہن سنگھ

6 دسمبر 2008

بھارتی وزیر اعظم من مون سنگھ نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے بعد ملک میں ایسے غم و غصے کی کیفیت ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اظہار کیا کہ ان حملوں کی تیاری پڑوسی ملک پاکستان میں کی گئی ہے

https://p.dw.com/p/GA6R
تصویر: AP

بھارت کا کہنا تھا :’’نہ صرف ہم بلکہ دیگر ممالک بھی اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پڑوسی ملک کی سر زمین پر جرم کو انجام دینے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔ مجرموں کو سزا ضرور ملنی چاہیے‘‘۔

اس سے قبل بھارت کے نئے وزیر داخلہ پی چدمبرم نے اعتراف کیا کہ ممبئی حملے سیکیوریٹی اور خفیہ اداروں کی ناکامی ہیں۔ ممبئی کے دورے پر آئے ہوئے چدمبرم نے ریاستی پولیس ہیڈ کوارٹر میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں ، ان حملوں کو بھارت کی روح پر وار قرار دیا۔ واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ اور مہاراشٹر کے وزیراعلی اور نائب وزیر اعلی نے ممبئی حملوں کے پس منظر میں استعفے دئیے تھے۔

ادھر نئی دہلی میں وزیر خارجہ پرناب مکھر جی نے ریاست مہاراشٹر کے نئے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کر دیا ہے ۔ اشوک چوان کو مہاراشٹر کے نئے وزیراعلی ہوں گے۔

علاوہ ازیں ممبئی کی مسلم آبادی نے ہندو قوم پرست جماعتوں کی طرف سے انتقامی کارروائیوں کے خطرے کے باعث ان حملوں سے قطع تعلقی کا ا ظہار کیا ہے۔