1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی میں جہاز خشکی پر چڑھنے کی تحقیقات، عملہ لاپتہ

3 اگست 2011

بھارت کے سمندری امور کے حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ عملے کے بغیر ایک بحری جہاز کس طرح چپکے سے ملکی حدود میں داخل ہونے کے بعد ممبئی کے ساحل کے نزدیک خشکی پر چڑھ گیا۔

https://p.dw.com/p/12A1f
تصویر: picture-alliance/dpa

بھارت کے سمندری امور کے نگران ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف شپنگ کے سربراہ ایس بی اگنی ہوتری نے منگل کو صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اپنی تحقیقات میں اس پہلو پر خصوصی توجہ دیں گے۔ اس واقعے نے ساحلی سلامتی سے متعلق تشویش پیدا کر دی ہے کیونکہ 2008 کے ہلاکت خیز ممبئی حملوں کے بعد اسے بہتر بنانے کی امید کی جا رہی تھی۔

بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان کیپٹن ایم نامبیار نے بدھ کو اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ ایم ٹی پاوت کے تیرہ رکنی عملے نے جہاز کے انجن روم میں پانی بھرنے اور اس کے نتیجے میں بجلی بند ہو جانے کے بعد 29 جون کو خلیجی ریاست عمان کے نزدیک سے مدد کی کال کی تھی۔ اگلے روز انہوں نے جہاز چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ جہاز ڈوب گیا ہے۔ اس کے بعد یہ اطلاع ملی کہ جہاز ممبئی کے ساحل کے نزدیک خشکی میں پھنسا ہوا ہے۔

بحری جہاز اتوار کو علی الصبح ممبئی کے شمال میں واقع جوہو بیچ کے نزدیک خشکی پر چڑھ گیا۔ گزشتہ ہفتہ اسی جگہ پر ایم وی وزڈم نامی جہاز بھی خشکی پر چڑھ گیا تھا۔

NO FLASH Anschläge Mumbai Indien 2008
بھارت میں نومبر 2008 کے دہشت گرد حملوں کے بعد ساحلی سلامتی کا معاملہ حساس ہےتصویر: AP

نومبر 2008 میں بھارت کی سمندری حدود کے نزدیک ایک ماہی گیری کی کشتی اغوا کرنے والے دس انتہائی مسلح انتہاپسندوں کے حملے کے بعد بھارت کے مالیاتی اور تفریحی دارالحکومت ممبئی کے حکام کے لیے ساحلی سلامتی ایک حساس مسئلہ ہے۔ کپتان کو بعد میں جہاز ممبئی لے جانے پر مجبور کیا گیا۔ عسکریت پسند عملے کو ہلاک کرنے کے بعد کسی کی نظروں میں آئے بغیر ایک ہوا بھرنے والی کشتی میں سوار ہو کر ممبئی پہنچے جہاں انہوں نے شہر کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 166 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ساحلی سلامتی کی ذمہ داری بھارتی بحریہ کی ہے جو بھارتی سرحدی پانیوں کی بیرونی حدود پر گشت کرتی ہے جبکہ کوسٹ گارڈ اور مہاراش‍ٹر ریاست کی بحری پولیس ساحل کے نزدیک یہ فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ اگنی ہوتری نے مزید کہا کہ ایک ہزار ٹن سامان کی گنجائش کے حامل پانامہ کے اس بحری جہاز کو خشکی سے نکالنے کے کام کا آغاز ہو چکا ہے اور جہاز کے مالکان اور انشورنس کمپنی سے رابطہ کیا گیا ہے۔

جہاز پر 10 ٹن ایندھن آئل اور 10 ٹن گیس آئل لدا ہوا ہے تاہم اس کے پانی میں پھیلنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

ممبئی پولیس نے عملے کے خلاف غفلت کے مرتکب ہونے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید