1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

من موہن کا دورہ امریکہ، اوباما سے ملاقات آج ہو گی

24 نومبر 2009

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ آج واشنگٹن میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان جوہری توانائی کے غیرحتمی معاہدے، ممبئی حملوں، افغانستان اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر بات چیت متوقع ہے۔

https://p.dw.com/p/Kdxt
بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھتصویر: UNI
Amerika Barack Obama Solar Energie Zentrum
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: picture-alliance/ dpa

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے اعزاز میں آج وائٹ ہاؤس میں ایک استقبالیے اور عیشائیے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان کے استقبال کے لئے پنسلوینیا ایوینیو کے علاقے میں وائٹ ہاؤس جانے والا راستہ بھارتی اور امریکی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔

باراک اوباما نے رواں برس جنوری میں صدارتی منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ من موہن سنگھ کو سرکاری دورے پر مدعو کیا ہے۔ اس سے قبل ان کی توجہ بھارت کے ہمسایہ ممالک چین اور پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے پر رہی ہے، جس پر نئی دہلی کے بعض حلقوں کو تشویش رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبز نے من موہن سنگھ کے دورہ امریکہ کے حوالے سے کہا کہ بھارت بلاشبہ دُنیا کا اہم خطہ ہے اور دُنیا سے اس کے تعلق کی اہمیت واضح ہے۔

توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ من موہن سنگھ باراک اوباما سے ملاقات کے دوران افغانستان کی صورت حال پر بھی بات چیت کریں گے، جو امریکہ کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔ بھارتی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ افغانستان سے نیٹو افواج کے قبل ازوقت انخلاء سے محض دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ ہر مہذب خطے کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ وہ گزشتہ برس کے ممبئی حملوں سے متعلق پاکستان پر بھی بات چیت کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے اپنے حالیہ انٹرویو میں وہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں ایک دوستانہ حکومت، جو دہشت گردی پر قابو پانے میں سنجیدہ ہو، مسئلے کو اس کے منطقی انجام تک پہنچا سکتی ہے۔

من موہن سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ امریکی صدر کے ساتھ ماحول دوست توانائی سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے لئے معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ انہوں نے جوہری اور دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری پر بھی زور دیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ان شعبوں پر بات چیت کو ایک عر صے تک ممنوع موضوع کی حیثیت حاصل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان 2005ء میں طے پانے والے جوہری تعاون کے معاہدے کی تکمیل سے بھارت میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کو مکمل طور پر فعال بنانے کی کوششیں حتمی مراحل میں ہیں۔

Robert Gibbs Pressesprecher im Weissen Haus in Washington
وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبزتصویر: AP

انہوں نے دورہ امریکہ کے آغاز پر نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان ماحولیاتی تبدیلیوں اور دفاع سمیت وسیع تر باہمی تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔ پیر کو اہم تاجروں سے ملاقات کے ذریعے انہوں نے اپنے دورے کا آغاز کیا، جن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دونوں ملکوں کے درمیان مستحکم تعلقات کے لئے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے امریکی ایوان تجارت اور امریکہ۔بھارت بزنس کونسل کے ظہرانے کے موقع پر کہا کہ اقتصادی تعلقات کے بغیر کسی اسٹریٹیجک تعلق کا پھلنا پھولنا مشکل ہے۔

بھارتی اور امریکی حکام نے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے ایک علامتی سمجھوتے پر بھی دستخط کئے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید