1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موت کے بعد بھی انسان اور پالتو جانور‍ ’ساتھ ساتھ‘

20 دسمبر 2011

نیو یارک میں پالتو جانوروں سے محبت کرنے والے افراد کے لیے زندگی کی رعنائی ایک مرتبہ پھر لوٹ آئی ہے اور موت کا احساس بھی ان کے لیے فرحت بخش ہے کیونکہ اب یہ افراد موت کے بعد اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ دفن ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13VxE
تصویر: Fotolia/Tijara Images

اس امریکی ریاست کے حکام نے اس حوالے سے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق کسی شخص کے مرنے کے بعد اس کے جسم کی راکھ کو اس کے پالتو جانوروں کے ساتھ جانوروں ہی کے قبرستان میں دفنایا جا سکتا ہے۔ رہونا لیوی اس حوالے سے کافی پرجوش ہیں اور کہتی ہیں کہ آخر ان کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہوئی ہے اور اب ان کی موت کے بعد ان کی راکھ کو نیو یارک کے مضافات میں واقع جانوروں کے ایک قبرستان میں ان کے ایک پالتو کتے اور چار بلیوں کے ساتھ ہی دفن کر دیا جائےگا اور اس طرح وہ مرنے کے بعد بھی ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ ان کی زندگی کے بہترین لمحات ہیں۔

Dogdancing Der Andalusische Terrier Sam springt am in der Halle Münsterland in Münster über den Rücken von Frauchen Kerstin Wies
تصویر: picture-alliance/dpa

تاہم انسانی جسم کی راکھ کو جانوروں کے قبرستان میں دفن کرنے کے لیے وضع کیے گئے قواعد و ضوابط میں کچھ شرائط بھی رکھی گئی ہیں۔ جانوروں کے قبرستان کی انتظامیہ اس سلسلے میں کسی قسم کی تشہیر نہیں کر سکتی کہ وہ انسانی جسم کی راکھ کو دفناتے ہیں اور نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے اس عمل کا کوئی معاوضہ طلب کیا جائےگا۔ انتظامیہ صارفین کو تدفین کے بعد انسانی راکھ کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور اس حوالے سے مرتب کیے جانے والے اعداد و شمار بتانے کے بارے میں پابند ہو گی۔

نیویارک کے مضافات میں واقع 115 سالہ قدیم جانوروں کے قبرستان ہارٹسڈیل میں 1925ء سے انسانی راکھ کو بھی ان کے پالتوجانوروں کے ساتھ دفن کیا جا رہا ہے اور ایک اندازے کے مطابق وہاں ستّر ہزار جانوروں کے ساتھ سات سو افراد بھی دفن ہیں۔ تاہم رواں برس آٹھ فروری کو انتظامیہ نے اس عمل پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس سے تین روز قبل ہی خبر رساں ادارے اے پی نے قبرستان کے حوالے سے ایک رپورٹ میں یہ انکشاف کیا تھا کہ جانوروں کے اس قبرستان میں انسانی راکھ کے دفن کرنے کی شرح پورے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

Flash-Galerie Tierbabys
نیویارک کے مضافات میں واقع 115 سالہ قدیم جانوروں کے قبرستان ہارٹسڈیل میں 1925ء سے انسانی راکھ کو پالتوجانوروں کے ساتھ دفن کیا جا رہا ہےتصویر: picture-alliance/Zoonar

بعد ازاں لوگوں نے انتظامیہ کے اس فیصلے پرغم و غصے کا اظہار کیا اور خصوصی طور پر ان افراد کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا جنہوں نے اپنی تدفین کے انتظامات پہلے ہی سے مکمل کر رکھے تھے۔تاہم بعد میں حکام اور قبرستان انتظامیہ کے درمیان معاملات طے پا گئے اور اس حوالے سے مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے اور یہ طے پایا کہ قبرستان انتظامیہ کی جانب سے انسانی راکھ کی فوری تدفین کو یقینی بنایا جائے گا۔

ٹیلر یارک کے انکل تھامس رائن کا انتقال رواں برس اپریل میں ہو گیا تھا اور ان کی خواہش تھی کہ انہیں ان کی اہلیہ اور دو پالتو کتوں کے ساتھ دفن کر دیا جائے۔ تھامس رائن نے اپنی موت سے قبل اس حوالے سے سارے انتظامات بھی مکمل کیے ہوئے تھے لیکن انتظامیہ کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد ایسا ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ ٹیلر یارک کا کہنا ہے کہ اب انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے خاتمے کے بعد ان کے انکل کی دیرینہ خواہش پوری ہو جائے گی۔

رپورٹ: شاہد افراز خان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں