1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مونچھ داڑھی کا عالمی مقابلہ

عاطف توقیر2 اکتوبر 2015

ہفتے کو آسٹرین الپائن کے علاقے لیوگانگ میں ’بال‘ چھائے رہیں گے، جہاں مونچھ اور داڑھی کا 12واں عالمی مقابلہ منعقد ہو رہا ہے۔ اس عالمی چمپیئن شپ مقابلے میں دنیا بھر سے چہرے پر طرح طرح سے بال اُگائے افراد شرکت کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Ghvp
Bart-Weltmeisterschaft in Leinfelden-Echterdingen
تصویر: Reuters/Michaela Rehle

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کےمطابق لیوگانگ میں عالمی مقابلہ برائے مونچھ اور داڑھی میں دنیا کے 20 ممالک سے 18 ٹائٹلز کے لیے مختلف افراد جمع ہو رہے ہیں، جن میں 17 ایسے افراد بھی شامل ہیں، جو پچھلی بار مختلف ٹائٹلز جیتنے میں کامیاب رہے۔ یہ افراد اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

اس سے قبل مونچھ داڑھی کا عالمی مقابلہ سن 2013ء میں جرمن علاقے لائنفیلڈن اشٹرڈینگن میں منعقد ہوا تھا۔

ڈی پی اے کے مطابق اس بار اس مقابلے میں براعظم یورپ کے مختلف ممالک کے علاوہ کینیڈا، امریکا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات سے بھی مونچھوں داڑھیوں والے افراد شامل ہو رہے ہیں۔

ان مقابلوں میں پرکشش، اصل اور اچھوتی مونچھوں اور داڑھیوں والے ججز کے سامنے اپنا چہرہ پیش کریں گے۔

ان مقابلوں میں 18مختلف ٹائٹلز دیے جائیں گے، جن میں مونچھیں، جزوی اور مکمل داڑھیاں شامل ہیں۔ مونچھوں کی کیٹیگریز میں قدرتی، انگلش، امپیریل، ہنگیرین اور فری اسٹائل شامل ہیں۔

Bart-Weltmeisterschaft in Leinfelden-Echterdingen
مقابلے میں طرح طرح کی داڑھی موچھوں والے افراد شریک ہو رہے ہیںتصویر: Reuters/Michaela Rehle

جزوی داڑھیوں کی کیٹیگریز میں قدرتی، فو مانچو، مُسکیٹر، امپیریل سائیڈ برن اور فری اسٹائل شامل ہیں جب کہ مکمل داڑھی کی کیٹیگریز میں قدرتی، قدرتی بمع مونچھیں، فری اسٹائل اور فیشن داڑھی جیسی کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔

ڈی پی اے کے مطابق سن 2013ء کی چیمپیئن شپ میں جزوی داڑھی کی فری اسٹائل کیٹیگری میں فتح یاب ہونے والے جرمن شہری وِلی شیوالیر پچھلے مقابلوں کے وہ واحد فاتح ہیں، جو اس بار اس چیمپیئن شپ میں شریک نہیں ہو رہے۔

مقابلے میں شریک جرمن ایلمر وائسر اس سے قبل مکمل داڑھی کی کیٹیگری میں دو مرتبہ چیمپئن رہ چکے ہیں، تاہم وہ اس کیٹیگری میں پچھلی دفعہ کے امریکی فاتح آرنے بیلے فیلڈ سے مقابلہ کریں گے۔