1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹر ساز ادارے، بحران کا شکار

شہاب احمد صدیقی19 نومبر 2008

عالمی مالیاتی بحران کے سائے گہرے اور پھیلتے جا رہے ہیں۔ جرمنی میں بھی اس کے اثرات صرف بینکوں تک محدود نہیں رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/FyF6
اوپل موٹر ساز کمپنی جنرل موٹرز کی جرمن شاخ ہے۔ اوپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اوپل موٹر ساز کمپنی جنرل موٹرز کی جرمن شاخ ہے۔ اوپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے اور اسے سرکاری مدد کی ضرورت ہے لیکن جرمن اوپل کی امداد کے بارے میں ملک کے سیاسی اور حکومتی حلقوں میں ایک شدید بحث چھڑی ہوئی ہے۔جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارتی کے رکن اور یورپی یونین کے صنعتی کمشنر Günter Verheugen نے کہا کہ اوپل کو ریاستی مالی ضمانت کی شکل میں جلد مدد کی ضرورت ہے تاہم Verheugen کے برعکس یورپی یونین نے تجارتی مقابلے کی نگرانی کے کمیشن کے سربراہ Neelie نے کہا کہ موٹر سازی کے شعبے کے ساتھ مالیاتی شعبے کی طرح سے رعایتی سلوک نہیں کیا جانا چاہئے۔

Der Luxusliner Queen Elizabeth 2 wird mit MAN Schiffsdieselmotoren betrieben.
یورپی یونین نے تجارتی مقابلے کی نگرانی کے کمیشن کے سربراہ Neelie نے کہا کہ موٹر سازی کے شعبے کے ساتھ مالیاتی شعبے کی طرح سے رعایتی سلوک نہیں کیا جانا چاہئے۔تصویر: MAN-Pressebild

امریکی ڈیموکریٹس کی طرف سے امریکی کار کمپنیوں کے لئے پچیس بلین ڈالر کے امدادی پروگرام کی تجویز کے بعد یورپی رہنماؤں پر پیژو، رینو، فاکس ویگن اور فی آت جیسی بڑی کار کمپنیوں کی مدد کے لئے دباؤ بڑھ گیا ہے۔

جرمنی میں اوپل کی طرف سے ایک ارب یورو کی سرکاری مالی ضمانت کی درخواست پر حکومت غور کر رہی ہے۔ اس بارے میں کرسمس تک فیصلہ کر لیا جائے گا۔ تاہم مخلوط حکومت میں شامل جماعت CDU کے رکن فُکس نے کہا کہ ایک کمپنی کی مدد سے اس شعبے میں تجارتی مقابلے کے لحاظ سے دوسری کمپنیوں کے ساتھ ناانصافی ہو گی۔ مخلوط حکومت کی ایک اور جماعت CSU کے رکن رامس آؤ نے کہا:’’ ہمیں معیشت میں سرکاری مداخلت سے بچنا ہو گا کیونکہ یہ بربادی کا راستہ ہو گا۔‘‘

آدم اوپل کمپنی میں چھبیس ہزار افراد ملازم ہیں۔ اس کی اصل فرم امریکی موٹر ساز کمپنی جنرل موٹرز کو فورڈ اور کرائسلا کار کمپنیوں کی طرف سے اپنی بقا کے مسئلے کا سامنا ہے۔ جنرل موٹرز کو سن 2007 میں انتالیس ارب ڈالرز کا خسارہ ہوا جو اس کی ایک سو سالہ تاریخ میں سب بڑا خسارہ ہے۔

امریکی میں فورڈ، جنرل موٹرز اور ڈائملر کے ایک سو کارخانوں میں دو لاکھ چالیس ہزار سے زائد افراد ملازم ہیں اس کے علاوہ ان کو سامان فراہم کرنے والی فرموں میں تئیس لاکھ افراد کام کرتے ہیں۔ اس طرح امریکی موٹر ساز صنعت سے پنتالیس لاکھ افراد کا روزگار وابسطہ ہے۔ یہ امریکہ میں کل برسر روزگار افراد کا تین فیصد ہیں۔ ان امریکی کار کمپنیوں کے پاس تنخواہیں اور جاری اخراجات ادا کرنے کے لئے پیسے کم پڑ رہے ہیں۔ جنرل موٹرز اور فورڈ نے اپنے محفوظ سرمایے سے دو ارب ڈالرز سے زیادہ خرچ کر دئیے ہیں اور اگلے مہینوں یا ہفتوں کے دوران ان کا خزانہ خالی ہو جانے کا اندایشہ ہے۔