1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کے بحران سے شینگن زون میں ہلچل

عاطف بلوچ5 جنوری 2016

ڈنمارک کی طرف سے ملک میں داخل ہونے والوں کی شناختی دستاویزات کی جانچ کا عمل شروع کرنے کے بعد یورپی یونین نے ہنگامی مذاکرات کی کال دے دی ہے۔ یہ مذاکرات بدھ کے دن برسلز میں منعقد کیے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/1HYKU
Symbolbild Flüchtlinge Polizei Kontrolle Abschiebung
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Becker

یورپی یونین کی طرف سے منگل کے دن جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈنمارک، سویڈن اور جرمن حکام کے مابین ہونے والے ہنگامی مذاکرات میں مہاجرین کی تازہ ترین صورت حال پر بات چیت کی جائے گی۔

مہاجرین کی بڑے پیمانے پر آمد کے سبب ڈنمارک نے اپنی جرمن سرحدوں پر پاسپورٹ چیک کا نطام متعارف کرا دیا ہے جبکہ دوسری طرف سویڈن نے بھی اپنی ڈنمارک کی سرحدوں پر شناختی کاغذات کی چیکنگ کا اپنا ایک نیا نظام لاگو کر دیا ہے۔ اس پیش رفت کو شینگن زون معاہدے کے لیے ایک خطرہ تصور کیا جا رہا ہے۔

یورپی یونین کے کمشنر برائے مہاجرت دیمیتریس اَوراموپولوس نے کہا کہ برسلز میں ہونے والی اس ہنگامی ملاقات میں مہاجرین کے بحران کے تناظر میں تینوں ممالک کے مابین رابطہ کاری مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ کا مقصد یہی ہے کہ مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کے تحفظات دور کیے جا سکیں۔

یورپی کمیشن کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ان مذاکرات میں سویڈن اور ڈنمارک کے وزیر برائے مہاجرت اور جرمن وزارت داخلہ کا ایک اہلکار شریک ہو گا۔ سویڈن کی طرف سے متعارف کرائے جانے والے نئے ضوابط کے مطابق 1950ء کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ڈنمارک سے ہمسایہ ملک سویڈن میں داخل ہونے والے افراد کے پاسپورٹ چیک کیے جا رہے ہیں۔

شینگن زون میں شامل ان دونوں ممالک کے باشندوں کو ایک سے دوسرے ملک میں داخل ہونے کے لیے شناختی کاغذات دکھانا ضروری نہیں ہیں۔ برسلز میٹنگ میں اسی صورت حال پر بات چیت کی جائے گی کہ ان ممالک کے اقدامات موجودہ شینگن قوانین سے کس حد تک مطابقت رکھتے ہیں۔

Slowenien Kroatien Grenze Flüchtling am Bahnhof Dobova Polizei
یورپ کو دوسری عالمی جنگ کے بعد مہاجرین کے سب سے بڑے بحران کا سامنا ہےتصویر: Getty Images/AFP/J. Makovec

یہ امر اہم ہے کہ یورپ کو دوسری عالمی جنگ کے بعد مہاجرین کے سب سے بڑے بحران کا سامنا ہے۔ مشرقی وسطیٰ سے ترکی اور پھر وہاں سے یونان اور دیگر ممالک کا سفر کرتے ہوئے مہاجرین کی ایک بڑی تعداد آسٹریا پہنچ چکی ہے۔ یہ مہاجرین آگے جرمنی اور دیگر ممالک جانا چاہتے ہیں۔ جرمنی پہنچنے والے مہاجرین کی ایک نمایاں تعداد سویڈن اور ڈنمارک بھی جانا چاہتی ہے۔

مہاجرین کے اس بحران کی وجہ سے ڈنمارک اور سویڈن نے اپنی ملکی سرحدوں پر چیکنگ کا نظام متعارف کرایا ہے۔ سویڈن یورپ کا ایک ایسا ملک ہے، جس نے اپنی فی کس آمدنی حوالے سے سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دی ہے۔ تاہم اب اس کا کہنا ہے کہ وہ مہاجرین کے مزید سیلاب سے نمٹنے کے قابل نہیں رہا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں