1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجر بن کر یورپ آنے والا شامی مصور اب کامیاب ناول نگار بھی

امجد علی19 اپریل 2016

شامی خانہ جنگی کی ہولناکیوں پر ’فریڈم ہاسپٹل‘ کے نام سے ایک نیا ناول لکھنے والے حامد سلیمان نے کہا ہے کہ جیت بالآخر محبت کی ہو گی۔ سینکڑوں ڈرائنگز پر مشتمل اُن کے اس ناول کو فرانس اور جرمنی میں بے حد سراہا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IYJ9
Syrischer Künstler Hamid Sulaiman in Frankreich
شام سے تقریباً چار سال پہلے فرار ہو کر آنے والا مصور حامد سلیمان آج کل فرانس میں رہ رہا ہےتصویر: Getty Images/AFP/P. Lopez

گزشتہ سال نومبر میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں دہشت گردانہ حملوں کے دور روز بعد جب لوگوں کا ایک ہجوم ان واقعات میں ایک سو تیس افراد کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس کے لیے پیرس کے ری پبلک اسکوائر میں جمع تھا تو ایک جوڑے کی تصویر پوری دنیا کے ذرائع ابلاغ سے نشر کی گئی۔ خاتون فرانسیسی تھی اور مرد تقریباً چار سال پہلے شام سے آیا ہوا ایک پناہ گزین۔ دونوں بوس و کنار میں مصروف تھے اور دونوں نے ایک پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا، جس پر لکھا تھا کہ ’جیت بالآخر محبت کی ہو گی‘۔

Buchcover Freedom Hospital von Hamid Sulaiman
حامد سلیمان کی کتاب ’فریڈم ہاسپٹل‘ کا سرِورقتصویر: Editions ça et là

تب باریش اور بھاری بھر کم تیس سالہ سلیمان محض ایک شامی پناہ گزین تھا جبکہ اس واقعے کے تین ماہ بعد ہی اُسے ایک ناول نگار کے طور پر فرانس کے ساتھ ساتھ جرمنی میں بھی سراہا جا رہا ہے۔ اپنے باتصویر ناول ’فریڈم ہاسپٹل‘ میں اُس نے ایک شامی شہر میں ایک امن پسند خاتون کارکن یاسمین کی جانب سے زخمی باغیوں کی مدد کے لیے قائم کیے گئے ایک غیر قانونی ہسپتال میں پیش آنے والے ہولناک واقعات کا احاطہ کیا ہے۔ دو سو اَسّی صفحات پر مشتمل اس ناول کی کہانی ایک ہزار ایک سو بیس ڈرائنگز کی مدد سے بیان کی گئی ہے۔

اس ناول میں زخمی باغیوں کے ایک گروپ اور اُن کا علاج کرنے والے ہسپتال کے عملے کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ کہانی کبھی اتنی ڈراؤنی ہو جاتی ہے کہ قاری کو ہلا کر رکھ دیتی ہے۔ کبھی کبھی اس میں دلگداز اور ساتھ ساتھ مزاحیہ واقعات بھی ملتے ہیں اور قاری کو پتہ چلتا ہے کہ کیسے انقلاب کی مثالیت پسندی خون کے دریا میں غرق ہو گئی ہے۔

حامد سلیمان بنیادی طور پر ایک مصور ہے، جس نے 2011ء میں شام میں حکومت کے خلاف شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر بلیک اینڈ وائٹ ڈرائنگز بنانا شروع کیں۔ کچھ ہی عرصے بعد پولیس نے اُسے حراست میں لے لیا اور ایک ہفتے تک کے لیے جیل بھیج دیا۔ بعد ازاں اُسے غیر متوقع طور پر رہا کیا گیا لیکن یہ کہہ کر کہ اُس پر ’دہشت گردی کی حمایت‘ کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حامد سلیمان نے فوراً ایک ٹیکسی لی اور شام چھوڑ کر اردن کے سفر پر روانہ ہو گیا۔

Syrischer Künstler Hamid Sulaiman in Frankreich
سلیمان کے مطابق وہ خوش قسمت ہے کہ اُسے فرانس کی صورت میں ایک ایسا ٹھکانا مل گیا ہے، جہاں وہ سکون کے ساتھ بیٹھ کر اپنا تخلیقی کام کر سکتا ہےتصویر: Getty Images/AFP/P. Lopez

حامد سلیمان کے مطابق وہ خوش قسمت تھا کہ بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گیا جبکہ اُس کے کئی دیگر دوست ایسا نہ کر سکے۔ اُس نے اپنا یہ ناول اپنے بہترین دوست حسام خیاط کے نام کیا ہے، جسے تین سال پہلے بشار الاسد کی پولیس نے تشدد کا نشانہ بنا کر مار ڈالا۔ سلیمان کے مطابق ’اُس کی عمر چوبیس برس تھی، وہ صرف اپنی پڑھائی مکمل کرنا چاہتا تھا اور کسی طرح کی حکومت مخالف سرگرمیوں کا حصہ بھی نہیں تھا‘۔ حامد سلیمان کے دیگر کئی دوست احباب اور جاننے والے بھی اب دنیا کے کونے کونے میں پناہ کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں۔

حامد سلیمان کے ناول میں جنگ کی تمام تر ہولناکیوں کے ساتھ ساتھ یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ انتہا درجے کی مایوسی میں بھی محبت اور انسانی وقار کا علم بلند رکھنا ممکن ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اس ناول کے ذریعے اُن لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، جنہوں نے ایک مقصد کے لیے جدوجہد کی۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کیسے ہسپتال میں زیرِ علاج رہنے والا ایک قدامت پسند ٹیکسی ڈرائیور بالآخر ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی جانب سے شہر کا امیر بن جاتا ہے۔

سلیمان کے مطابق ’جنگ ایک کاروبار بھی ہے‘، چنانچہ اُس نے اس ناول میں یہ بھی بتایا ہے کہ سارا اسلحہ کہاں سے آ رہا ہے، ’روس، امریکا اور فرانس سے‘۔ سلیمان کے مطابق وہ خوش قسمت ہے کہ اُسے ایک ایسا ٹھکانا مل گیا ہے، جہاں وہ سکون کے ساتھ بیٹھ کر تخلیق کر سکتا ہے: ’’میں محبت کرتا ہوں اور مجھے محبت مل رہی ہے اور یہی چیز سب سے زیادہ اہم ہے، اس پر ایک اچھے مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔‘‘