1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی ترجیح رہے گی، چینی وزیر اعظم

5 مارچ 2011

چین کے وزیر اعظم وین جیاباؤ نے کہا ہے کہ ملک میں بدعنوانی اور مہنگائی میں کمی کرتے ہوئے سماجی استحکام کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کو پارلیمنٹ کے سالانہ سیشن سے خطاب میں کہی۔

https://p.dw.com/p/10Tqj
چینی وزیر اعظم وین جیاباؤتصویر: AP

چینی وزیر اعظم وین جیاباؤ نے بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس کے افتتاحی سیشن کے موقع پر تین ہزار مندوبین سے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت افراطِ زر کی شرح چار فیصد تک رکھنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ شرح نمو کے لیے آٹھ فیصد کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کے محرکات فعال ہیں اور ملک کو زیادہ خوشحالی کی طرف لے جانے کے لیے حکومت کی پوزیشن اور بھی مضبوط ہے۔

وین جیاباؤ کی یہ تقریر ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کی گئی، جس میں انہوں نے کہا، ’معیشت دھیرے دھیرے لیکن تسلسل سے بحالی کی جانب بڑھ رہی ہے، لیکن اس بحالی کی بنیاد مضبوط نہیں ہے۔‘

انہوں نے تسلیم کیا کہ ناہموار اقتصادی ترقی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا، ’حالیہ دِنوں میں مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جبکہ افراط زر کی شرح بھی توقع سے زیادہ بڑھی ہے۔‘

چینی وزیر اعظم نے مزید کہا، ’یہ مسئلہ عوام کی فلاح و بہبود پر اثر انداز ہوتا ہے جبکہ مجموعی مفادات اور سماجی استحکام کو بھی متاثر کرتا ہے۔ اس لیے ہمیں قیمتوں کی مجموعی سطح کو قابو میں رکھنے کے مقصد کو اپنی اوّلین ترجیح بنانا ہوگا۔‘

نیشنل پیپلز کانگریس کا اجلاس دس روز تک جاری رہے گا، جس میں رواں برس سے 2015ء تک چین کا پانچ سالہ اقتصادی منصوبہ منظور کیا جائے گا۔ 1949ء میں کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے حکومت سنبھالنے کے بعد ملک کا یہ بارھواں منصوبہ ہوگا، جس کا مقصد مزید پائیدار شرح نمو کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ امیر اور غریب کے درمیان فرق کو کم سے کم کرنا بتایا جاتا ہے۔

Radfahrer vor Kohlekraftwerk in China
چین دنیا کا دوسرا بڑا اقتصادی ملک ہےتصویر: AP

اس حوالے سے وین جیاباؤ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت بعض شہروں میں رہائش کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو کنٹرول کرے گی۔

خیال رہے کہ چین اس وقت اقتصادی لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے، تاہم اس کامیابی کی قیمت اسے آلودگی کی صورت میں ادا کرنا پڑی ہے۔ اس کی شرح نمو میں برآمدات اور انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

چینی وزیر اعظم نے اپنی اس تقریر میں عرب ممالک کے بحران کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبررساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں