1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میانمار میں آتشزدگی اور دھماکوں سے متعدد ہلاک

29 دسمبر 2011

جنوب مشرقی ایشیائی ریاست میانمار کے ایک سرکاری گودام میں آگ بھڑکنے سے کم از کم سترہ افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد ز‌خمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13bCl
تصویر: dapd

آتشزدگی کا یہ واقعہ ملک کے سب سے بڑے شہر ینگون کے مینگالار تاھونگ نامی مشرقی قصبے میں بدھ کی صبح پیش آیا۔ میانمار (سابقہ برما) سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جس گودام میں آگ لگی، وہاں کیمیائی مادے ذخیرہ کیے گئے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اِس گودام میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری تھیں کہ وہاں چار زور دار دھماکے ہو گئے۔ دور دور تک سنے جانے والے ان دھماکوں سے جانی نقصان بھی زیادہ ہوا اور اطراف کی عمارتیں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔ دھماکوں کے مقام پر تقریباً 20 فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا ہے۔

ینگون کے جنرل ہسپتال کے ذرائع نے وہاں 108 جھلسے ہوئے افراد کی آمد کی تصدیق کی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جھلسے ہوئے مزید افراد کی ہسپتال آمد کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ ایسی صورتحال میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے 17 افراد میں سے کم از کم 3 آگ بجھانے والے ادارے کے اہلکار تھے۔

Myanmar Birma Karte Landkarte
تصویر: AP Graphics

پولیس کا البتہ کہنا ہے کہ مارے جانے والوں میں پانچ اہلکار آگ بجھانے والے ادارے کے تھے۔ بیشتر ہلاکتیں دھماکوں کے سبب عمارتوں کا ملبہ گرنے سے ہوئی ہیں۔

فوری طور پر آگ لگنے اور دھماکہ ہونے کے اصل حقائق معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔ آخری اطلاعات کے مطابق میانمار حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ اس دھماکے میں کوئی بارودی مواد استعمال نہیں ہوا۔ مقامی افراد کے مطابق متاثرہ گودام میں برقی اور کیمیائی سامان ذخیرہ کیا گیا تھا اور عین ممکن ہے کہ شارٹ سرکٹ یا کسی دوسرے برقی نقص کے سبب کیمیکل میں آگ لگ گئی ہو۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں