1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرا میکس فلم اسٹوڈیوز کی فلمیں فیس بک پر

23 اگست 2011

سماجی نیٹ ورکنگ انٹرنیٹ سائٹ فیس بک کی مقبولیت اور افادیت کو دیکھتے ہوئے والٹ ڈزنی کمپنی کے فلم اسٹوڈیو میرا میکس نے اپنی چند فلمیں کرایے پر دکھانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12LuJ

میرا میکس اسٹوڈیوز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں سماجی نیٹ ورکنگ پاور ہاؤس فیس بک کی آن لائن حیثیت کو واشگاف انداز میں تسلیم کرتے ہوئے اسے تفریح کے ساتھ ساتھ نیوز اور ویوز کا ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا گیا  ہے۔ میرا میکس (Miramax) کی انتظامیہ کا خیال ہے کہ فیس بک جیسی سوشل سائٹس مستقبل میں کاروبار کی تشہیر کے ساتھ ساتھ کاروباری معاملات کو آگے بڑھانے میں بھی مثبت اور فعال کردار ادا کریں گی۔

فیس بک پر فلمیں دیکھنے کے لیے میرا میکس اسٹوڈیوز نے ایک خاص سوفٹ ویئر بھی تیار کیا ہے۔ اس سوفٹ ویئر کی مدد سے صارفین فلمیں دیکھ سکیں گے۔ اس وقت ایک فلم دیکھنے کا کرایہ تین امریکی ڈالر رکھا گیا ہے۔ فیس بک کے ذریعے فلم دیکھنے کی ادائیگی کریڈٹ کارڈ سے ممکن ہو گی۔ یہ سہولت اس وقت امریکہ کے علاوہ برطانیہ اور ترکی میں دستیاب ہے۔ میرا میکس چند فلموں کو دیکھنے کی سہولت جلد ہی دوسرے ممالک میں متعارف کروانے والا ہے۔

ماہرین کے خیال میں میرا میکس اپلیکیشن سوفٹ ویئر کے فیس بک پر متعارف کروانے سے اس ویب سائٹ کے پروفائل کی قدر و منزلت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ کچھ دوسرے مبصرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں فیس بک صرف سماجی نیٹ ورکنگ سائٹ نہیں ہو گی بلکہ اس کا اقتصادی چہرہ اس کے ابتدائی یعنی سماجی پہلو پر حاوی ہو جائے گا۔

Oscar-Nominierungen 2008 Bild-Kombo Spezialbild
میرا میکس اسٹوڈویز کو سن 2008 میں حاصل ہونے والی آسکر ایوارڈز کی نامزدگیاںتصویر: AP

فیس بک ویب سائٹ پر کرایے پر فلمیں دکھانے کے حوالے سے میرا میکس اسٹوڈیوز کی جانب سے کہا گیا کہ اصل مقصد انجام کار فلموں کی خرید ہے تا کہ فلم کے شائقین اپنی پسندیدہ فلمیں اپنے ڈیجیٹل لاکرز میں رکھنے کے بعد جب اور جہاں چاہیں کے اصول پر دیکھنے کے ساتھ لطف اندوز ہوں۔ میرا میکس اسٹوڈیوز کے نام پر کئی مشہور فلمیں ہیں۔ ان میں گُڈ وِل ہنٹنگ، پلپ فِکشن سمیت اور بہت سارے ایسے ٹائٹلز ہیں۔

امریکہ میں آن لائن ویڈیو پیش کرنے والے بڑے ادارے Netflix کے سربراہ اور چیف ایگزیکٹو ریڈ ہیسٹنگز (Reed Hastings) نے دو ماہ قبل جون میں فیس بک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ وارنر برادرز نے بھی اس سال کے اوائل میں اپنی نئی فلم کے حوالے سے فیس بک کا استعمال کیا تھا۔

امریکی فلمی صنعت ہالی ووڈ کے معروف اسٹوڈیوز میرا میکس کی ملکیت تفریحی فلمیں بنانے والی والٹ ڈزنی کمپنی کے پاس ہے۔ اس اسٹوڈیوز کا قیام سن 1979 میں آیا تھا۔ اسے سن 1993 میں والٹ ڈزنی کمپنی نے خرید لیا تھا۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:   حماد کیانی

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں