1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میرکل کا دورہ امریکا عین وقت پر مؤخر

14 مارچ 2017

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ وہ واشنگٹن جانے کے لیے ایئر پورٹ کی طرف روانہ ہو چکی تھیں جب انہیں امریکی صدر کی طرف سے یہ دورہ مؤخر کرنے کے لیے فون موصول ہوا۔

https://p.dw.com/p/2Z7h8
EU Gipfel Merkel Abschluss-PK
تصویر: picture-alliance/AP Photo/O. Matthys

جرمن چانسلر انگیلا میرکل ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ امریکا کے لیے پیر سات مارچ کی شام واشنگٹن روانہ ہونے والی تھیں۔ تاہم امریکا میں خراب موسم کی وجہ سے انہیں اپنا یہ دورہ آخری وقت پر مؤخر کرنا پڑا۔ جرمن چانسلر نے بتایا کہ وہ پیر کی شام واشنگٹن جانے کے لیے ایئر پورٹ کی طرف روانہ ہو چکی تھیں جب انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فون موصول ہوا جس میں انہوں نے ایک طوفان کی آمد کے سبب انہیں یہ دورہ مؤخر کرنے کا کہا۔

موسم سرما کے اس طوفان کے امریکا کے شمال مشرقی حصوں سے ٹکرانے کی توقع کی جا رہی ہے اور اسی سبب فضائی کمپنیوں نے اپنی ہزاروں پروازیں منسوخ کر دیں۔ شمال مشرقی امریکی علاقوں کی طرف آنے جانے والی ایسی ہزاروں پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ان میں سے بعض شہروں کی مقامی انتظامیہ نے اسکول بھی بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔

Wintersturm „Stella“
موسم سرما کے ایک طوفان کے امریکا کے شمال مشرقی حصوں سے ٹکرانے کی توقع کی جا رہی ہے اور اسی سبب فضائی کمپنیوں نے اپنی ہزاروں پروازیں منسوخ کر دیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/NOAA

وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق میرکل اب جمعہ سترہ مارچ کو امریکی دورے پر واشنگٹن پہنچیں گی۔ صدر ٹرمپ کی طرف سے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد جرمن چانسلر کی ان کے ساتھ یہ پہلی ملاقات ہو گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ 10 منٹ تک جاری رہنے والی ٹیلیفون کال کے باوجود میرکل برلن کے ٹیگل ایئرپورٹ پہنچیں جہاں انہوں نے ذاتی طور پر ان صحافیوں کو صورتحال اور دورے کے پروگرام کی تبدیلی سے آگاہ کیا جو اس دورے کے لیے ان کے ساتھ سفر کرنے والے تھے۔

Berlin Regierungsflugzeug vor Start nach Washington
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Kappeler

جرمن حکومت کے سرکاری جہاز ایئربس A340 میں پہلے سے ہی نشستوں پر موجود صحافیوں کو میرکل نے بتایا، ’’یہ دورہ مؤخر ہو گیا ہے اور یہ مذاق نہیں ہے۔‘‘

میرکل نے آج منگل کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کرنا تھی جس کا دورانیہ دو گھنٹے طے تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ ورکنگ لنچ میں شریک ہونا تھا۔

میرکل کے اس دورے کے دوران جرمنی کی تین بڑی کمپنیوں کے سربراہان نے بھی ان کے ساتھ جانا تھا جن میں انجینیئرنگ گروپ سیمینز اور کار ساز کمپنی بی ایم ڈبلیو شامل ہیں۔ جرمن حکام کے مطابق ان کمپنیوں کے یہ ایگزیکٹیوز اب تبدیل شدہ دورے میں بھی میرکل کے ساتھ ہی واشنگٹن جائیں گے۔