1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میسی ٹیکس چوری کے الزام پر ’حیران‘

13 جون 2013

لگاتار چار سال سے دنیا کے بہترین فٹ بالر ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی لیونیل میسی نے کاتالونیا کے دفتر استغاثہ کی جانب سے اپنے خلاف لگائے گئے ٹیکس چوری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے اس بابت حیرت کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/18oa8
PIERRE-PHILIPPE MARCOU/AFP/Getty Images)
تصویر: PIERRE-PHILIPPE MARCOU/AFP/Getty Images

اسپین کے صوبے کاتالونیا میں دفتر استغاثہ کے راکوئیل امادو نے پیدائشی طور پر ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر لیونیل میسی اور ان کے والد پر ٹیکس کی مد میں چار ملین یورو کی چوری کے الزامات عائد کیے ہیں اور اس حوالے سے عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔ ان کے مطابق اس رقم کا تعلق میسی کے ’امیج رائٹس‘ سے ہے۔ میسی، جو بارسلونا فٹ بال کلب کے لیے کھیلتے ہیں، کا کہنا ہے کہ انہیں اس بارے میں میڈیا کے ذریعے علم ہوا اور یہ کہ انہیں اپنے اور اپنے والد کے خلاف ان الزامات پر حیرت ہے۔ خیال رہے کہ بارہ برس کی عمر میں ارجنٹائن سے نقل مکانی کر کے اسپین میں آباد ہو جانے والے میسی ہسپانوی شہری بھی ہیں۔

EPA/JAVIER GARCIA MARTINO +++(c) dpa - Bildfunk+++
میسی کو دنیا کا بہترین فٹ بالر قرار دیا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

میسی نے ٹیکس چوری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے بدھ کے روز اپنے فیس بک پیج پر لکھا: ’’ہم حیران ہیں۔ ہم نے کبھی ایسا کام نہیں کیا اور ہمیشہ ٹیکس سے متعلق ضوابط کی پاسداری کی ہے اور اپنے مشیران ٹیکس کے مشوروں پر عمل کیا ہے۔ وہی اس بارے میں وضاحت پیش کریں گے۔‘‘

میسی کے والد خورگے میسی، جو لیو میسی کے مینیجر بھی ہیں، اس ضمن میں کہتے ہیں کہ یہ سارا معاملہ ایک غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔

وکیل استغاثہ امادو کا الزام ہے کہ میسی کے والد نے میسی کے امیج رائٹس کو یوروگوائے اور کئی ایسے ملکوں میں فروخت کیا، جہاں ٹیکس قوانین سخت نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سن دو ہزار سات سے دو ہزار نو تک ان رائٹس کی فروخت پر کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔

بہترین فٹ بالر

میسی کو دنیا کا بہترین فٹ بالر قرار دیا جاتا ہے۔ ان کے بے شمار پرستار اور فٹ بال کے بہت سے ماہرین انہیں پیلے اور میراڈونا کے بعد تاریخ کا بہترین فٹ بالر مانتے ہیں۔ وہ ایف سی بارسلونا کے لیے کھیلتے ہوئے تین یورپی چیمپئن شپ اور متعدد ہسپانوی لیگ ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے ایک ہی سال میں کلب اور اپنے ملک کی قومی ٹیم کے لیے اکانوے گول کر کے سال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے سیزن میں انہوں نے بارسلونا کے لیے چھیالیس گول کیے جو کہ اس برس یورپی کلب فٹ بال میں سب سے زیادہ گول ہیں۔ گو کہ بارسلونا چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں جرمن کلب بائرن میونخ سے بری طرح ہار گیا تھا تاہم اس نے ہسپانوی لیگ ٹائٹل بہرحال اپنے نام کر لیا تھا۔

میسی کا ایف سی بارسلونا کے ساتھ معاہدہ سن دو ہزار اٹھارہ تک ہے۔ ان کی اس کلب سے سالانہ آمدنی سولہ ملین یورو ہے جب کہ اتنی ہی رقم وہ اشتہارات اور دیگر ذرائع سے بھی کما لیتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چار ملین کی رقم میسی کے لیے انتہائی معمولی ہے مگر اس سے ان کی شہرت پر حرف آ سکتا ہے کیوں کہ وہ نہ صرف اپنے کھیل بلکہ کھیل کے باہر اپنی سادگی اور عاجزی کے حوالے سے بھی اچھی شہرت رکھتے ہیں۔

shs/mm AFP, AP, dpa, Reuters

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید