1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مینڈیلا اکانوے برس کے ہو گئے

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: عاطف بلوچ19 جولائی 2009

جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن مینڈیلا نے اکانوے برس کے ہونے پر جوہانسبرگ میں اپنی سالگرہ منائی۔ اس موقع پر دنیا بھر سے انہیں تہنیتی پیغامات موصول ہوئے۔

https://p.dw.com/p/IsPm
مینڈیلا اعلیٰ ترین انسانی اقدار کی جیتی جاگتی مثال ہیں، بان کی مونتصویر: AP

جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر اور نوبیل امن انعام یافتہ رہنما نیلسن مینڈیلا نے اپنی اکانویں سالگرہ جنوبی افریقہ کے دارالحکومت جوہانسبرگ میں سادگی سے منائی اور دنیا بھر میں اپنے پرستاروں سے کہا کہ وہ اس موقع پر کوئی اچھا کام کرکے ان کو یاد کریں۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر کے لوگوں پر زوردیا گیا کہ وہ روزانہ سڑسٹھ منٹ سماجی خدمات انجام دینے کے لئے وقف کریں۔ سڑسٹھ کاعدد مینڈیلا کی زندگی کے اُن برسوں کی نشاندہی کرتا ہے جو انہوں نے جنوبی افریقہ میں جمہوریت کےقیام کے لئے وقف کر رکھے تھے۔

Nelson Mandela 1956
نیلسن مینڈیلا کونسل پرست حکمرانوں نے ستائیس برس تک قید میں رکھاتصویر: AP/Peter Magubane

نیلسن مینڈیلا کی سالگرہ کے موقع پر ان کے اہلِ خانہ کے علاوہ جنوبی افریقہ کے سابق سفید فام نسل پرست حکمرانوں کے خلاف ان کے ہمراہ جد و جہد کرنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ نیلسن مینڈیلا کونسل پرست حکمرانوں نے ستائیس برس تک قید میں رکھا۔ ایک طویل جدوجہد کے بعد مینڈیلا جنوبی افریقہ میں جمہوریت رائج کرنے میں کامیاب ہوئے اور انیس سو نوّے میں وہ جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر منتخب ہوئے۔ انیس سو ترانوے میں ان کو نوبل انعام برائے امن سے نوازا گیا۔

نیلسن مینڈیلا کی سالگرہ کے موقع پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ مینڈیلا اعلیٰ ترین انسانی اقدار کی جیتی جاگتی مثال ہیں۔ بان کی مون نے مینڈیلا کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک جمہوری، کثیر النسلی اور آزاد جنوبی افریقہ کے لیے مینڈیلا کی جدوجہد قابلِ قدر ہے۔ بان کی مون نے یہ بھی کہا کہ جس طرح مینڈیلا نے اپنے خلاف ظلم کرنے والے افراد کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ایک عظیم شخص ہیں۔

نیلسن مینڈیلا کی سالگرہ کو ان کے فلاحی ادارے نے ’مینڈیلا ڈے‘ کا نام دیا اور اس مناسبت سے ہر برس اٹھارہ جولائی کو یومِ مینڈیلا منانے کا اعلان کیا۔ اقوامِ متحدہ نے بھی اس اقدام کی توثیق کرتے ہوئے ہر برس اٹھارہ جولائی کو یومِ مینڈیلا منانے کا اعلان کیا ہے اور اس کو اقوامِ متحدہ کے بین الاقوامی دن کا درجہ دیا ہے۔

Merkel bei Mandela
وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور نیلسن مینڈیلاتصویر: AP

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے نیلسن مینڈیلا کو امید کی ایک کرن سے تعبیر کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر کسی شخص نے پوری دنیا کو اپنی عاجزی اور اچھے کاموں سے متاثر کیا ہے تو وہ نیلسن مینڈیلا ہیں۔

اکانوے سالہ نیلسن مینڈیلا نے صرف ایک مدّت کے لیے جنوبی افریقہ کے صدر کے طور پر فرائض سر انجام دیے۔ کسی سرکاری عہدے پر نہ ہوتے ہوئے بھی انہوں نے اپنی زندگی فلاحی کاموں کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ زیادہ تر ان کے فلاحی کاموں میں بچّوں کی بہبود اور ایڈز کے خلاف مہمات شامل ہیں۔