1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میچ فکسنگ کے الزامات پر سری لنکا ناراض

2 مارچ 2011

سری لنکا کے کرکٹ حکام نے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سے ہارنے والی اپنی ٹیم کے دو کھلاڑیوں کے خلاف سامنے آنے والے میچ فکسنگ کے الزامات پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

https://p.dw.com/p/10S8J
26 فروری: پاکستان سری لنکا میچتصویر: picture alliance/dpa

سری لنکا کے سرکاری ٹی وی چینل ITN نے خیال ظاہر کیا تھا کہ شاید مہیلا جے وردھنے اور تھیلان سمارا ویرا نے انتہائی کم اسکور پر آؤٹ ہوکر ’کھیل کو تبدیل‘ کر دیا تھا۔ چینل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک مقامی بزنس مین نے پاکستان کی فتح اور سری لنکا کی شکست پر 18 ہزار ڈالر کی شرط لگائی تھی۔

سری لنکا کی ٹیم کو جنوبی ایشیا میں جاری اِس ورلڈ کپ میں جیتنے کے لیے فیورٹ ٹیموں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے تاہم گزشتہ ہفتے کے روز کولمبو کے شائقین سے بھرے ہوئے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کی ٹیم 11 رنز سے ہار گئی۔ اِس سے پہلے پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر277 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کی ٹیم 278 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتی ہوئی مقررہ پچاس اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر محض 266 رنز بنا سکی تھی۔ سری لنکا کے اِس اسکور میں جے وردھنے کے صرف 2 اور سمارا ویرا کا محض ایک رن شامل تھا۔

Cricket Sri Lanka vs Pakistan Fans
کولمبو میں 26 فروری کو پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے میچ کے تماشائیتصویر: AP

سری لنکا کے کرکٹ حکام کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے:’’ہم اِس بات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہیں کہ ایک ممتاز ٹی وی چینل نے اپنے ایک خصوصی پروگرام ’وِیماسُوما‘ میں یہ کہا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم ہمارے دو سرکردہ کھلاڑیوں کی جانب سے رنز اسکور نہ کرنے کی وجہ سے پاکستان سے ہار گئی۔‘‘

اِس بیان کے مطابق:’’اِس ٹی وی پروگرام میں مزید کہا گیا کہ ہمارے یہ دونوں کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ناکام رہے ہیں، جس سے یہ تاثر ملتا ہے، گویا یہ کھلاڑی میچ فکسنگ میں ملوث رہے ہوں۔ SLC (سری لنکا کرکٹ) ایک بے بنیاد خبر جاری کرنے اور ورلڈ کپ کے دوران ہمارے کھلاڑیوں کا مورال کمزور کرنے پر اِس پروگرام کے میزبان کی مذمت کرتا ہے۔‘‘ اِس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اِس سلسلے میں چینل کے متعلقہ حکام سے رجوع کیا جائے گا۔

سری لنکا کے اِن دونوں کھلاڑیوں کے خلاف یہ الزامات ایک ایسے روز سامنے آئے ہیں، جب اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی ٹیم آسٹریلیا نے اِن دعووں کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دیتے ہوئے رَد کر دیا ہے کہ آئی سی سی زمبابوے کے خلاف میچ میں سست رفتار بالنگ کرنے پر آسٹریلوی ٹیم کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں