1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی جرمن حکومت میں متوقع کابینہ

28 ستمبر 2009

جرمنی کی نئی مخلوط حکومت میں چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے ساتھ کرسچن سوشلسٹ یونین اور لبرل فری ڈیموکریٹک پارٹی شامل رہے گی۔ یہ اتحاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

https://p.dw.com/p/JqRa
جرمنی کی نئی مخلوط حکومت میں چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے ساتھ کرسچن سوشلسٹ یونین اور لبرل فری ڈیموکریٹک پارٹی شامل رہے گیتصویر: AP

متوقع وفاقی جرمن وزیر خزانہ

اگلی مدت کے لئے متوقع وزیر خزانہ فری ڈیموکریٹک پارٹیFDP کے 68 سالہ ہیرمن اوٹو زولمز ہو سکتے ہیں۔ تقریباً تین دہائیوں سے جرمن سیاست میں نمایاں کردار ادا کرنے والے زولمز اپنی پارٹی کے امور خزانہ کی دیکھ بھال کرتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جرمن پارلیمان میں انہیں ایک سینیئر رکن کی حیثیت حاصل ہے۔ لیکن اگر سی ڈی یو یہ وزارت اپنے پاس رکھتی ہے تو متوقع طور پر 37 سالہ کارل تھیوڈر سو گوٹین بیئرگ اس عہدے کے لئے سب سے اہم دعوے دار ہوں گے۔ گوٹین بیئرگ نے اپنی پارٹی میں بہت تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے اور اس وقت وہ وزیر اقتصادیات کی حیثیت میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ گوٹین بیئرگ کی شہرت کی ایک بڑی وجہ ان کی تیزی سے فیصلہ کرنے کی قوت ہے۔ ماہرین کے مطابق وہ اپنے موقف کو منوانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اوپل کے معاملے میں میں حکومتی مداخلت کے خلاف گوٹین بیئرگ کے مضبوط موقف کی وجہ سے ان کی مقبولیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

نئی جرمن کابینہ میں متوقع وزیر خارجہ

FDP جماعت سے تعلق رکھنے والے 47 سالہ گیوڈو ویسٹرویلے وزیر خارجہ کے عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں۔ ماضی میں وکالت کے پیشے سے وابستہ رہنے والے ویسٹرویلے کو اپنی جماعت کی کامیابی میں مثبت کردار ادا کرنے کی وجہ سے خاصی اہمیت حاصل ہے۔ ویسٹرویلے انسانی حقوق کے حوالے سے ایک مضبوط آواز ہیں جبکہ وہ سن 2001 سے FDP کو ایک نئی اور نمایاں صورت میں جرمن سیاسی منظر نامے پر ابھارنے میں کامیاب رہے ہیں۔

Deutschland Landtagswahlen 2009 Schleswig-Holstein
CDU اور FDP کا یہ اتحاد انتہائی اہمیت کا حامل ہےتصویر: AP

متوقع وزیر اقتصادیات

اگر موجودہ وزیر اقتصادیات گوٹین بیئرگ اپنی وزارت تبدیل کرکے وزیر خارجہ ہوجاتے ہیں تو اس منصب کے لئے سب سے اہم امیدوار FDP کے رائنر بروڈیریلے ہوں گے۔ 64 سالہ بروڈیریلے 1998 سے جرمن پارلیمان کے ممبر ہیں اور اس سے قبل تقریباً دس برسوں تک مغربی جرمن ریاست رائن لینڈ پلیٹینٹ کے نائب وزیر اعلٰی رہ چکے ہیں۔

متوقع وزیر داخلہ

ایسا امکان ہے کہ سی ڈی یو سے تعلق رکھنے والے موجودہ وزیر داخلہ وولف گانگ شوئبلے اس منصب پر اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ تاہم اگر ان کی جگہ کسی اور کو یہ وزارت سونپی جاتی ہے تو وہ متوقع طور پر تھوماس ڈے مائزیرے ہو سکتے ہیں۔ مائزیرے CDU کی اتحادی جماعت FDP میں بہت زیادہ مقبول ہیں۔ ایسا سمجھا جاتا ہے کہ مائزیریلے اپنی بات کو دلیلوں سے منوانے کے عادی ہیں جبکہ کئی معاملات میں شوئبلے کو سخت گیر تصور کیا جاتا ہے۔

متوقع وزیر دفاع

موجودہ وزیر دفاع فرانس یوزف ینگ اس منصب پر اپنی خدمات جاری رکھیں گے تاہم افغانستان میں حال ہی میں ہونے والے نیٹو کے ایک فضائی حملے میں افغان شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر انہیں دیگر جماعتوں کے ساتھ ساتھ اپنی جماعت میں بھی کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ لہٰذا شاید انہیں اس عہدے سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو اس عہدے کے لئے متوقع طور پر گوٹین بیئرگ یا سی ڈی یو جماعت کے 43 سالہ خارجہ پالیسی کے پارلیمانی ماہر ایکارٹ فان کلائڈین کا نام زیر غور ہو سکتا ہے۔

رپورٹ عاطف توقیر

ادارت گوہر نذیر