1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی دہلی: ایک گھر پر جہازگرنے سے 10 افراد ہلاک

26 مئی 2011

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قریب ایک گھر پر ایک چھوٹا جہاز گرنے کی وجہ سے کم سے کم 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ جہاز ایک مریض کو ہسپتال لے جا رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/11OHN
تباہ شدہ جہاز
تباہ شدہ جہازتصویر: AP

حکام کے مطابق سنگل انجن والے جہاز میں سات افراد سوار تھے۔ یہ جہاز فرید آباد کے ایک گنجان علاقے میں ایک مکان پر جا گرا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ پرائیویٹ جہاز بطور ایمبولینس پٹنہ سے ایک مریض کو نئی دہلی کے ایک ہسپتال لانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

فرید آباد کے پولیس کمشنر پی کے اگروال نے ہسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا: ’’اس حادثے میں جہاز میں سوار تمام افراد کے علاوہ متاثرہ گھر میں موجود تین خواتین بھی ہلاک ہوگئیں۔‘‘ اگروال کے مطابق، ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ آٹھ ہزار فٹ کی بلندی پر پائلٹ خراب موسم کے باعث جہاز کا کنٹرول کھو بیٹھا اور نتیجتاﹰ جہاز زمین پر آن گرا‘۔

جہاز گرنے کی وجہ سے دو گھروں کو شدید نقصان پہنچا
جہاز گرنے کی وجہ سے دو گھروں کو شدید نقصان پہنچاتصویر: AP

فرید آباد نئی دہلی سے 22 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک گنجان آباد سیٹلائٹ ٹاؤن ہے۔ جہاز گرنے کی وجہ سے دو گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ تحقیقاتی عملہ جائے حادثہ پر تباہ شدہ جہاز کے حصے اکٹھا کرنے میں مصروف ہے۔

جائے حادثہ کے قریب رہنے والے ایک شہری ہنومان سنگھ نے بھارتی این ڈی ٹیلی وژن کو بتایا: ’’میری آنکھ ایک زور دار دھماکے کی آواز سے کھلی۔ ہم سمجھے کہ شاید بم دھماکہ ہوا ہے اور گھروں سے باہر بھاگے۔‘‘

بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق جہاز پر دو ڈاکٹر بھی سوار تھے۔ مقامی پولیس کے مطابق رات کے وقت ہونے والے اس حادثے کے فوری بعد وہاں لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہوگیا، جس کی وجہ سے ہنگامی عملے کو امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس حادثے کے باعث مزید تین افراد زخمی بھی ہیں۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں