1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے سال کا آغاز، سڈنی میں آتش بازی کا بڑا مظاہرہ

31 دسمبر 2017

دنیا کے کئی دیگر ممالک کے برعکس سڈنی میں نئے سال کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس موقع پر وہاں آتش بازی کا بہت بڑا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ نئے سال کی خوشیاں منانے کے لیے وہاں تقریبا پندرہ لاکھ افراد موجود ہیں۔

https://p.dw.com/p/2qA5o
Silvester & Neujahr 2018 | Australien, Sydney
تصویر: Getty Images/AFP/S. Khan

سال نو کے آغاز کے موقع پر دنیا بھر میں لوگ خوشیاں مناتے ہوئے نئے سال میں داخل ہونے کی تیاریوں میں ہیں جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں نئے سال کا آغاز ہو بھی گیا ہے۔

اس موقع پر سڈنی ہاربر بِرج پر اب تک کی سب سے بڑی آتش بازی کی گئی ہے۔ سال دو ہزاراٹھارہ کے آغاز کو یاد گار بنانے کے لیے سڈنی میں ماضی کی نسبت اضافی طور پر فائر ورکس چلائے گئے۔ اس کے علاوہ وہاں ایک رنگا رنگ آبشار کے ساتھ ساتھ پھولوں اور تتلیوں کی طرز کے گلدستے بھی بنائے گئے ہیں۔

Silvester & Neujahr 2018 | Australien, Sydney
تصویر: Reuters/D. Gray

اس مرتبہ شہری انتظامیہ نے نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے لاکھوں آسٹریلین ڈالر خرچ کئے ہیں جبکہ انتہائی دلفریب آتش بازی کا سلسلہ تقریبا بیس منٹ تک جاری رہا۔ اندازوں کے مطابق لائیو کوریج کی وجہ سے دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد سڈنی میں ہونے والی آتش بازی کا نظارہ کرتے ہیں۔ آتش بازی کو بالکل سامنے سے دیکھنے کے لیے کئی افراد نے جشن شروع ہونے سے چھتیس گھنٹے پہلے ہی ہاربر سائیڈ پارکس میں خیمے لگانا شروع کر دیے تھے۔ اسی طرح ہاربر برج کے ویو والے ہوٹلوں اور گھروں میں ایک رات قیام کے لیے کم از کم اٹھائیس سو ڈالر کرایہ وصول کیا گیا۔

سٹی انتظامیہ کا کہنا ہے، ’’سڈنی میں نئے سال کی تقریبات دنیا بھر میں مشہور ہیں اور لاکھوں لوگ اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ نہیں کہ یہ نئے سال کی پہلی تقریب ہوتی ہے بلکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ایک بہترین تقریب ہوتی ہے۔‘‘

اسی طرح آج رات لندن کے دریائے ٹیمز، ماسکو کے ریڈ اسکوائر اور ہانگ کانگ کے وکٹوریہ ہاربرکے علاوہ کوالالمپور، تائے پے،اسٹاک ہولم، ایمسٹرڈیم، برلن اور چین کے متعدد شہروں میں بھی بڑے پیمانے پر آتش بازی کی جائے گی۔

Australien Feuerwerk zum neuen Jahr
تصویر: Reuters/D. Gray