1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے سال پر ميرکل کا پيغام: برداشت، يکجہتی و احترام ضروری

عاصم سلیم
31 دسمبر 2017

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے نئے سال کی آمد کے موقع پر اپنے خصوصی پيغام ميں جرمن شہريوں سے کہا ہے کہ وہ ايک دوسرے کے ساتھ سياسی نوعيت کی گفتگو ميں يکجہتی اور احترام کا مظاہرہ کيا کريں۔

https://p.dw.com/p/2qA1X
Deutschland | Neujahrsansprache BK Angela Merkel 2018
تصویر: picture-alliance/dpa/H. Hanschke

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے اپنے اس اہم خطاب ميں جرمن معاشرے ميں ہم آہنگی کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات کے حوالے سے بات کی۔ انہوں نے کہا، ’’کافی عرصے سے اتنے زيادہ مختلف خيالات نہيں ديکھے گئے۔‘‘ ان کے بقول چند افراد تو جرمن معاشرے ميں تفریق کی بھی بات کر رہے ہيں۔ تاہم انہوں نے ايسے خدشات و باتوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ کاميابی اور اعتماد بھی معاشرے کا حصہ ہيں اور حقيقت ہيں۔

سن 2018 کی آمد کے موقع پر جرمن چانسلر کا يہ خطاب آج بروز اتوار مقامی وقت کے مطابق شام کے وقت نشر کيا جا رہا ہے۔ يہ ويڈيو پيغام پہلے سے ريکارڈ کيا جا چکا ہے۔

چانسلر انگيلا ميرکل نے اپنے اس پيغام ميں مزيد کہا ہے کہ جرمن شہريوں کو ايک دوسرے کی باتوں اور نظريات کا زيادہ خيال رکھنا اور انہيں سمجھنا چاہيے۔ انہوں نے لوگوں پر زور ديا کہ وہ خود سے مختلف رائے کے حامل لوگوں کی باتيں بغور سنا کريں اور انہيں سمجھنے کی کوشش کريں۔ انہوں نے ايک دوسرے کے ليے برداشت پر بھی زور ديا۔

تريسٹھ سالہ انگيلا ميرکل ان دنوں حکومت سازی کے ليے مذاکراتی عمل ميں مصروف ہيں۔ ستمبر سن 2017 ميں ہونے والے انتخابات کے بعد جرمنی ميں اب تک حکومت سازی کا عمل مکمل نہيں ہو سکا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب ميں لوگوں کو اس بات کی بھی يقين دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد از جلد ايک مستحکم حکومت کے قيام کی خواہاں ہيں اور اس سلسلے ميں کوششيں جاری ہيں۔ قائم مقام حکومت کی سربراہ ميرکل نے يہ بھی کہا کہ ملک ميں سياسی استحکام کی فضا قائم کرنا، ان کی ذمہ داری ہے۔  تاہم اس موقع پر انہوں نے خبردار بھی کيا، ’’دنيا ہمارے ليے رُکے گی نہيں۔‘‘

اپنے خصوصی خطاب ميں انگيلا ميرکل نے جرمنی کے مستقبل کو يورپ کے مستقبل سے بھی جوڑا اور ستائيس رکنی يورپ يونين کے ارکان پر يکجہتی اور اتحاد کے ليے زور ديا۔ انہوں نے کہا، ’’آئندہ چند برسوں کے ليے اہم ترين سوال يہی ہو گا۔‘‘ اس وقت داخلی سطح پر غير مستحکم پوزيشن کے باوجود ميرکل نے آئندہ دس سے پندرہ برسوں کے ليے اقتصادی اور معاشرتی منصوبوں کا بھی ذکر کيا۔ اپنے خطاب کے اواخر ميں انہوں نے کہا، ’’جرمنی کے ساتھ اچھا اسی صورت ہو گا کہ جب ہماری کاميابياں دوسروں کے کام آئيں گی۔‘‘

’انگیلا میرکل بدعنوانی کے اثر سے پاک ہیں‘