1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نائن الیون حملوں کی دسویں برسی پر یادگاری تقریبات

11 ستمبر 2011

امریکہ میں دس سال قبل کیے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کی ایک دہائی مکمل ہونے پر ساری دنیا میں خصوصی سوگوار اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ نیویارک شہر کی مرکزی تقریب میں امریکی صدر بھی شریک تھے۔

https://p.dw.com/p/12WyX
گراؤنڈ زیروتصویر: dapd

امریکی شہر نیویارک کے مقام گراؤنڈ زیرو پر منعقدہ یادگاری تقریب میں امریکی صدر باراک اوباما اور ان کے پیش رو سابق صدر جارج ڈبلیو بُش جونیئر کئی دوسرے لوگوں کے ہمراہ شریک ہوئے۔ ان میں ہلاک شدگان کے رشتہ دار اور دوست بھی شامل تھے۔ مرکزی تقریب کے میزبان نیو یارک شہر کے میئر مائیکل بلوم برگ تھے۔انہوں نے تقریب کے شروع میں شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ گراؤنڈ زیرو کی میمورئیل کے مقام پر دس سال قبل ہلاک ہونے والے تمام افراد کے نام کانسی دھات کے ساتھ لکھ کر آوایزاں کر دیے گئے ہیں۔ گراؤنڈ زیرو وہ مقام ہے، جہاں گیارہ ستمبر سن 2001 کو ورلڈ ٹریڈ  سنٹر کے بلند و بالا ٹاورز سے ہوائی جہاز ٹکرائے تھے۔ امریکی صدر ستمبر گیارہ کو دہشت گردی کا نشانہ بننے والے دوسرے مقامات پینسلوینیا اور پینٹاگان جانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔

Flash-Galerie 9/11 Gedenkfeier New York Ground Zero Obama
اوباما گراؤنڈ زیرو کے مقام پرتصویر: picture-alliance/dpa

نیو یارک شہر میں تقریب کا آغاز صبح ساڑھے آٹھ بجے ہوا۔ سولہ منٹ بعد سوگواری گھنٹیاں بجائی گئیں۔ اس یادگاری تقریب میں چھ مرتبہ لمحاتی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ بعد میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں ہلاک ہونے والے افراد کے نام پکارے گئے۔ ان میں نیو یارک پورٹ اتھارٹی اور نیو جرسی کے 37 پولیس اہلکاروں کے نام بھی شامل ہیں۔ نیو یارک میں خصوصی میمورئیل تقریب کے موقع پر سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی تھی۔

اتوار کے روز نائن الیون کی یادگاری تقریبات کا محور امریکی شہر واشنگٹن اور نیو یارک تھے۔ اتوار ہی کی شام کو امریکی صدر کینیڈی سنٹر میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔ گیارہ ستمبر کی صبح نیو یارک شہر کے سینٹ پیٹرک کیتھڈرل میں خوصی سوگوار تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور نائن الیون حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی روحوں کے لیے دعا کی۔

NO FLASH 9/11 Gedenken Ground Zero
گراؤنڈ زیرو کی تقریب میں شریک لوگتصویر: dapd

ہفتہ کے روز یونائٹڈ ایئر لائنز کی پرواز 93 کے عملے اور مسافروں کی یاد میں پیینسلوینیا کے مقام شانکس ویل میں قومی یادگار کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔ نقاب کشائی کی سوگوار تقریب میں سابق امریکی صدر جارج بُش بھی شریک ہوئے اور انہوں نے مسافروں کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نائن الیون کا ایک سبق یہ ہے کہ بدی اگر حقیقت ہے تو حوصلہ بھی یقینی ہوتا ہے۔ مغربی پینسلوینیا میں منعقد کی جانے والی اس تقریب میں چار ہزار لوگ شریک تھے۔  

بین الاقوامی سطح پر منعقد کی جانے والی تقریبات میں نیوزی لینڈ میں جاری رگبی ورلڈ کپ کے دوران امریکی ٹیم نے اپنے میچ سے قبل خصوصی میمورئیل سروس میں شرکت کی۔ تقریباً ساری دنیا کے نوے مختلف ملکوں میں خصوصی یادگاری تقریبات میں نائن الیون کے متاثرین کو یا دکیا گیا۔ خصوصی تقریبات کا اہتمام سڈنی سے پیرس تک کیا گیا۔ ایک بڑی تقریب جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد کی گئی ، جس میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں قائم فیوجی بینک کی برانچ میں کام کرنے والے 23 جاپانیوں کی ہلاکت کو یاد کیا گیا۔

دس برس قبل رونما ہونے والے دہشت گردانہ واقعات میں تین ہزار کے قریب لوگ ہلاک ہوئے تھے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  امتیاز احمد

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید