1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نادال مونٹریال ماسٹرز سے باہر

11 اگست 2011

رافائل نادال کینیڈا میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ مونٹریال ماسٹرز سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان مقابلوں کے دوسرے مرحلے میں انہیں کروشیا کے ايفان دوديغ نے مات دی ہے۔

https://p.dw.com/p/12EpD
رافائل نادالتصویر: AP

سیکنڈ سیڈ نادال مونٹریال ماسٹرز کے دوسرے مرحلے سے باہر ہوئے۔ بدھ کو کو ان کا سامنا کروشیا کے ایفان دودیغ سے ہوا، جنہوں نے 1-6, 7-6(7/5), 7-6(7/5) سے یہ میچ جیت کر نادال کو چونکا دیا۔

اکتالیسویں نمبر کے ٹینس کھلاڑی دودیغ اس مقابلے میں پہلا سیٹ ہار گئے، جس کے بعد انہوں نے قدم جمانے شروع کیے اور تین گھنٹے سے کچھ ہی زیادہ وقت تک جاری رہنے والے اس کھیل پر حاوی رہے۔

نادال ناساز طبیت کے ساتھ کورٹ میں اترے، اس کے باوجود پہلے سیٹ میں کامیاب رہے۔ دودیغ نے اس جیت کے بارے میں کہا: ’’یہ میرے کیریئر، بلکہ میری زندگی کی سب سے بڑی جیت ہے۔ میں نے اس سے بہت لطف اٹھایا ہے، میں بہت خوش ہوں۔‘‘

دودیغ نے کہا کہ انہوں نے ایک ایک پوائنٹ کے لیے بہت محنت کی اور بالآخر کامیاب رہے۔

نادال نے کہا: ’’میرے لیے یہ میچ جذباتی اور بہت برا تھا۔‘‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ لیڈ کرنے کے بعد وہ ہار گئے ہوں۔ نادال کا کہنا تھا کہ انہیں یہ ناکامیاں بھی بالکل اسی طرح تسلیم کرنا ہوں گی، جیسے وہ اپنی کامیابیوں کو کرتے ہیں۔

دودیغ کے لیے یہ بریک تھرو سال ہے۔ انہوں نے اپنے وطن میں پہلا اے ٹی پی ورلڈ ٹور ٹائٹل جیتا اور سیزن کے آغاز پر ہی اٹھاسیویں پوزیشن سے ٹاپ ففٹی میں پہنچ گئے۔

نادال اس سے قبل دو مرتبہ 2005ء اور 2008ء میں کینیڈا کا ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔ دودیغ کے ہاتھوں ان کی اس ہار سے رواں سیزن میں ان کی ناکامیوں کی تعداد نو ہو گئی ہے جبکہ وہ اکاون مقابلوں میں کامیاب رہے۔ ومبلڈن کے فائنل میں شکست کے بعد سے ابھی تک ان کا سامنا نوواک جوکووچ سے نہیں ہوا۔ جوکووچ نے ہی انہیں عالمی نمبر ایک کی پوزیشن سے محروم کیا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں