1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نادال کی فرنچ اوپن میں ایک اور کامیابی

6 جون 2011

ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی رافائل نادال نے فرنچ اوپن کے فائنل میں راجر فیڈرر کو شکست دے کر یہ ٹائٹل چھٹی مرتبہ اپنے نام کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11UrG
ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی رافائل نادالتصویر: picture alliance/dpa

ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر کو سات پانچ، سات چھ، پانچ سات اور چھ ایک سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نادال 10 گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے ہیں، جن میں سے انہوں نے چھ مرتبہ فرنچ اوپن جیتا ہے۔

اس سے قبل سابق عالمی نمبر ایک سوئس کھلاڑیBjorn Borg کے پاس یہ اعزاز تھا کہ انہوں نے چھ مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ 1974ء تا 1981ء تک ٹینس کی دنیا میں راج کرنے والے Bjorn Borg نے مجموعی طور پر گیارہ گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

NO FLASH Tennis French Open 2011 Rafael Nadal
نادال 10 گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے ہیںتصویر: dapd

3 گھنٹے اور 39 منٹ تک جاری رہنے والے فرنچ اوپن کے فائنل میں عالمی نمبر تین کھلاڑی راجر فیڈرر کو شکست دینے کے بعد نادال نے ایسی کسی خواہش کو مسترد کر دیا کہ اب وہ دنیائے ٹینس کے بہترین کھلاڑی سمجھے جانے چاہییں،’ Bjorn Borg کا ریکارڈ برابر کرنا، میرے لیے ایک خصوصی بات ہے۔ لیکن سب سے اہم بات یہ تھی کہ میں یہ ٹائٹل اپنے نام کرتا‘۔

رافائل نادال نے کہا کہ انہوں نے سخت محنت کے بعد یہاں تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی،’ Bjorn Borg کے ساتھ میرا موازنہ کرنا ہی میرے لیے عزت کی بات ہے‘۔ نادال نے مزید کہا کہ وہ ٹینس کی تاریخ کے بہترین کھلاڑی نہیں ہیں تاہم بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جانا ہی ان کے لیے کافی ہے۔

Tennis French Open 2011 Roger Federer
فیڈرر نے اپنے کیریئر میں 16مرتبہ گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کر رکھا ہےتصویر: dapd

رافائل نادال نے مزید کہا،’ دنیائے ٹینس کے ایک بہترین کھلاڑی کے خلاف یہ میچ جیت جانا، میرے لیے بہت خوشگوار ہے‘۔ 29 سالہ فیڈرر نے فرنچ اوپن میں ایک مرتبہ پھر کامیابی حاصل کرنے پر نادال کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا،’ اس نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا‘۔

فیڈرر نے اپنے کیریئر میں 16مرتبہ گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کر رکھا ہے، جو ان کا ایک ریکارڈ ہے۔ دوسرے نمبر پر امریکی کھلاڑی پیٹ سمپراس ہیں، جنہوں نے 14مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے جبکہ 12مرتبہ گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کرنے والے آسٹریلوی کھلاڑی رائے ایمریسن تیسرے نمبر پر آتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان