1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نادال یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں

10 ستمبر 2011

دفاعی چیمپیئن رافائل نادال اینڈی روڈک کو ہرا کر یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ اب وہ اینڈی مرے کا سامنا کریں گے۔

https://p.dw.com/p/12WUw
رافائل نادالتصویر: dapd

یو ایس اوپن کے جمعہ کو ہونے والے اس میچ میں رافائل نادال نے اینڈی مرے کو چھ دو، چھ ایک اور چھ تین سے ہرایا۔ اس ٹورنامنٹ میں مردوں کے مقابلوں میں نادال واحد کھلاڑی ہیں، جنہیں ابھی تک ایک سیٹ میں بھی شکست نہیں ہوئی۔ انہوں نے جمعہ کے میچ میں ابتدا میں ہی چار صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔

ایک گھنٹے ترپین منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ کے بعد نادال نے کہا: ’’اینڈی کے لیے کل (جمعرات) کا میچ بہت مشکل تھا اور شاید وہ تھکے ہوئے تھے۔ مجھے ان کی ہار پر افسوس ہے۔‘‘

اس کے برعکس خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ اینڈی کے تھکے ہونے کے  آثار کھیل کے دوران کم ہی دکھائی دیے۔ کھیل کے بعد انہوں نے کہا: ’’میں نے انہیں (نادال کو) اس سیزن میں اس قدر جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے نہیں دیکھا۔‘‘

دوسری جانب نادال نے مزید کہا: ’’میں سمجھتا ہوں کہ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے سے ہی میں اچھا کھیل دکھا رہا ہوں۔ میں خود کو مقابلے کے لیے تیار محسوس کرتا ہوں اور میرے اندر یہ احساس جوان ہے کہ میں جیت سکتا ہوں اور شاید یہ وہ بات ہے، جو زیادہ اہم ہے۔‘‘

Andy Murray
اینڈی مرےتصویر: AP

سیمی فائنل میں اسپین کے اس ٹینس اسٹار کو اینڈی مرے کا سامنا کرنا ہو گا۔ سیمی فائنل کے حوالے سے نادال نے کہا: ’’اینڈی (مرے) کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ہی پُرمزہ ہوتا ہے۔ ان کے خلاف میچ پرجوش کر دینے والے ہوتے ہیں، اس لیے میرے لیے یہ بڑا چیلنج ہو گا۔‘‘

اینڈی مرے امریکی کھلاڑی جان آئسنر کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔ انہوں نے آئسنر کو سات پانچ، چھ چار، تین چھ اور سات چھ سے مات دی۔

مردوں کے دوسرے سیمی فائنل میں ہفتہ کو سربیا کے نوواک جوکووچ سولہ مرتبہ گرینڈ سلیم اور پانچ مرتبہ یو ایس اوپن جیتنے والے راجر فیڈرر کا سامنا کریں گے۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں