1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’نريندر مودی خطے کا امن برباد کرنے کی کوشش ميں ہيں‘

26 دسمبر 2019

پاکستانی فوج کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کے ساتھ جھڑپ ميں اس کے دو فوجی مارے گئے جبکہ بھارتی وزارت دفاع نے بھی اپنے ايک فوجی اور ايک شہری کی ہلاکت کا دعوٰی کيا ہے۔

https://p.dw.com/p/3VLGo
Pakistan Kaschmir Grenze zu Indien
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

پاکستانی اور بھارتی افواج کے مابين فائرنگ کا يہ واقعہ لائن آف کنٹرول پر بدھ اور جمعرات کی درميانی شب پيش آيا۔ پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے اس کے دو فوجی ہلاک ہوئے۔ دونوں فوجی ديوا سيکٹر ميں ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ حاجی پير کے علاقے ميں بھی فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات موصول ہوئی ہيں۔ پاکستانی فوج کے مطابق ان سيکٹرز ميں فوج نے جوابی فائرنگ کی اور بھارتی اہداف کو نشانہ بنايا۔ پاکستانی حکام نے بھارتی اقدام کو 'بلا اشتعال‘ فائرنگ قرار ديا ہے۔

اسی تناظر ميں پاکستانی وزير خارجہ شاہ محمود قريشی نے جمعرات کی صبح بيان ديا۔ قريشی نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی مذمت کی اور دونوں ہلاک ہونے والے فوجيوں کو خراج عقيدت پيش کيا۔ قريشی نے الزام عائد کيا کہ بھارتی وزير اعظم نريندر مودی خطے کا امن خراب کرنا چاہتے ہيں۔

دوسری جانب بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجيش کاليا نے دعوی کيا ہے کہ پاکستانی فوج کی 'بلا اشتعال‘ فائرنگ سے اس کا ايک فوجی اور ايک سويلين خاتون ہلاک ہو گئے ہيں۔ دونوں ہلاکتيں رام پور سيکٹر ميں ہوئيں۔ کاليا کے مطابق اس سيکٹر ميں پاکستانی افواج نے بدھ کی شب بھارتی اہداف کو نشانہ بنايا، جس کے جواب ميں بھارتی فوجيوں نے بھی کارروائی کی۔

جنوبی ايشيا کی ايٹمی طاقت کی حامل ان دو قوتوں کے کشمير سميت کئی امور کے سبب تعلقات کافی کشيدہ ہيں۔ کشمير کے چند حصے بھارت اور چند  پاکستان کے زير انتظام ہيں۔ نئی دہلی حکومت الزام عائد کرتی ہے کہ پاکستانی حمايت يافتہ شدت پسند کشمير ميں مسلح عليحدگی پسند تحريک چلا رہے ہيں جبکہ پاکستانی حکام کا دعوی ہے کہ بھارتی زير انتظام کشمير ميں انسانی حقوق کی مبينہ خلاف ورزيوں پر سے توجہ ہٹانے کے ليے نئی دہلی حکومت سرحد پار حملے کراتی ہے۔

ع س / ک م، نيوز ايجنسياں