1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ننھے بچوں کا جھگڑا نپٹانے کے لیے پولیس بلا لی گئی

6 دسمبر 2018

ایک ٹرائی سائیکل کے معاملے پر دو بچوں کے جھگڑے کے بعد ایک بچے کی والدہ نے پولیس طلب کر لی۔ ہیمبرگ پولیس نے یہ جھگڑا تو نپٹا دیا مگر والدین پر زور دیا کہ وہ ذاتی جھگڑے خود سے نمٹانے کے لیے بچوں کی ہمت افزائی کریں۔

https://p.dw.com/p/39al6
Symbolbild: Kind auf Dreirad
تصویر: picture-alliance/D. Schoenen

جرمن شہر ہیمبرگ میں ایک بچے کی والدہ نے اُس وقت شدید پریشانی کے عالم میں پولیس کو بلا لیا جب اس کے بچے کی کنڈرگارٹن میں اس کے ایک ساتھی بچے کے ساتھ شدید لڑائی چل رہی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق تین سال عمر کے یہ دو بچے ایک تین پہیوں والی سائیکل کے حصول کے لیے آپس میں جھگڑ پڑے تھے۔

سرکاری براڈکاسٹر NDR کے مطابق،’’جب مائیں اپنے بچوں کو لینے کنڈرگارٹن پہنچیں تو وہاں چیخ و پکار اور ایک دوسرے کو نوچنے کا عمل جاری تھا۔‘‘

جب پولیس افسران وِنٹرہوڈے نامی شہر کے ایک کنڈرگارٹن پہنچے تو انہوں نے وہاں کنڈرگارٹن کے مینیجرز، بچوں اور ان کی والدین کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کی تاکہ اس طرح کے مسائل سے مستقبل میں بچا جا سکے۔ پولیس نے بعد ازاں بتایا کہ  معاملات کو حل کر لیا گیا تھا اور اس سلسلے میں نہ تو کوئی گرفتاری ہوئی اور نہ ہی کسی پر کوئی الزام لگایا گیا۔

میڈیا کے لیے پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے تنازعات چھوٹے بچوں میں عام سی بات ہے اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی جانا چاہیے کہ وہ اپنے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کو خود ہی حل کرنا سیکھیں۔

مذکورہ کنڈرگارٹن کی سربراہ فرانسسکا لارا نے ’ہیمبرگ آبنڈ بلاٹ‘ نامی اخبار کو بتایا کہ اس واقعے میں ایک بچہ اور ایک بچی شامل تھے اور ان میں سے ایک بچے نے دوسرے کے چہرے کو نوچ لیا تھا۔ لارا کے مطابق یہ صورتحال پریشانی کا سبب تھی اور یہ انتہائی غیر معمولی بات تھی کہ اس کام کے لیے پولیس کو شامل کیا گیا۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

 

ا ب ا / ع ا (الزابتھ شوماخر)