1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کا دَس ستمبر کو پاکستان واپسی کا فیصلہ

30 اگست 2007

پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے جمعرات 30 اگست کو لندن میں اعلان کیا کہ سعودی عرب اور برطانیہ میں اپنی تقریباً سات برسوں پر محیط جلا وطنی ختم کرتے ہوئے وہ 10 ستمبر کو اپنے ملک واپس چلے جائیں گے۔ لندن میں ایک پریس کانفرنس میں نواز شریف نے بتایا کہ وہ دَس ستمبر کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اُتریں گے تاکہ صدر پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کر سکیں۔

https://p.dw.com/p/DYGZ
سابق پاکستانی وزیر اعظم میاں نواز شریف
سابق پاکستانی وزیر اعظم میاں نواز شریفتصویر: AP

نواز شریف کا یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب صدر مشرف کو ایک اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے۔ بے نظیر بھٹو کا اصرار ہے کہ مشرف کو اگلے پانچ برسوں کے لئے بھی ملک کا صدر تبھی منتخب کیا جا سکتا ہے، جب وہ چیف آف دا آرمی سٹاف کا عہدہ چھوڑ دیں۔

57 سالہ نواز شریف نے، جو پہلی مرتبہ 1990 ء تا 1993ء اور پھر 1997ء تا 1999ء ملک کے وزیر اعظم رہے، کہا کہ مشرف اور بھٹو کے درمیان مجوزہ ڈِیل ملک کے لئے خراب اور قابلِ افسوس ہے۔ شریف کے مطابق مشرف کے جانے کا وقت آ گیا ہے اور کسی کو بھی اپنے ذاتی مفادات کے لئے مشرف کے ڈوبتے ہوئے جہاز کو سہارا نہیں دینا چاہیے۔