1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کے داماد ملک لوٹتے ہی گرفتار اور پھر ضمانت پر رہا

عابد حسین
9 اکتوبر 2017

پاکستان کے نااہل قرار دیے گئے وزیر اعطم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو وطن لوٹتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ تقریباً سات گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد احتساب عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کی اپیل منظور کر لی۔

https://p.dw.com/p/2lU03
Pakistan Capt. Muhammad Safdar
تصویر: Imago/PID/Dean Pictures

راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے حراست میں لیے گئے کیپٹن (ریٹائر) محمد صفدر کے وکیل کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست کو منظور کر لیا ہے۔ انہیں زر ضمانت کے طور پر پچاس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانا ہوں گے۔

قبل ازیں موجودہ پاکستانی وزیراعطم شاہد خاقان عباسی کے ایک وزیر طلال چوہدری نے تصدیق کی کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم شریف کے شوہر کیپٹن (ریٹائر) محمد صفدر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق شوہر کی گرفتاری کے بعد مریم نواز اکیلی ہی اپنے گھر کی روانہ ہوئی تھیں۔

پاکستان میں سول ملٹری تعلقات ایک بار پھر تناؤ کا شکار؟

کیا پاکستان میں جمہوریت تباہی سے دوچار ہو سکتی ہے؟

اسحاق ڈار پر بدعنوانی کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی

نواز شریف ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ نون کے صدر منتخب

اطلاعات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کو آج راولپنڈی کی ایک احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ مریم نواز شریف بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔ دونوں کو مبینہ کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ نواز شریف اور اُن کے دو بیٹوں (حسین نواز اور حسن نواز) کو بھی بدعنوانی کے الزامات کے تحت قائم ہونے والے مقدمات کا سامنا ہے۔ یہ مقدمات سپریم کورٹ کے پاناما لیکس فیصلے کی روشنی میں قائم کیے گئے ہیں۔ اسی فیصلے کے تحت اعلیٰ ترین پاکستانی عدالت نے نواز شظریف کو وزارت عظمیٰ کے منصب کے لیے نا اہل قرار دے دیا تھا۔

Pakistan Maryam Nawaz Sharif Tochter des Ex-Regierungschefs
سابق وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز شریفتصویر: Imago/UPI Photo

کیپٹن (ریٹائر) محمد صفدر اتوار اور پیر کی درمیانی شب میں اپنی بیوی کے ہمراہ لندن سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر پہنچے تو انہیں باہر نکلتے ہی احتساب عدالت کے جاری شدہ وارنٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔ اس گرفتاری پر ہوائی اڈے کے باہر پاکستان مسلم لیگ نون کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی۔ پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی تا کہ امن و امان کی صورت برقرار رہے۔

قطر ایئر لائنز سے اسلام آباد پہنچنے پر دونوں میاں بیوی کو تیرہ رکنی احتساب بیورو کی ایک بڑی ٹیم نے گرفتاری کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ احتساب عدالت میں سابقہ پیشی پر حاضر نہ ہونے پر کیپٹن (ریٹائر) محمد صفدر، حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں احتساب عدالتوں میں شروع مقدمات کے تناظر میں شریف خاندان کے کسی فرد کی یہ پہلی گرفتاری تھی۔