1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نو منٹ میں پانچ گول، لیوان ڈاؤسکی نے ریکارڈ قائم کر دیا

شامل شمس23 ستمبر 2015

جرمن فٹ بال لیگ میں منگل کی شب کھیلے گئے ایک میچ میں بائرن میونخ کی ٹیم نے وولفسبرگ کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔ میچ کی خاص بات لیوان ڈاؤسکی کے میچ کے دوسرے ہاف میں نو منٹ میں کیے گئے پانچ گول تھے۔

https://p.dw.com/p/1GauP
تصویر: Getty Images/Alex Grimm

لیوان ڈاؤسکی متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میچ کے پچاسویں منٹ میں میدان میں اترے اور آتے ساتھ ہی انہوں نے پانچ گول کر کے بنڈس لیگا کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ میچ میں فتح کے بعد بائرن میونخ لیگ ٹیبل پر پہلے نمبر پر آ گئی ہے جب کہ ڈورٹمنڈ دوسرے اور وولفسبرگ تیسرے نمبر پر ہیں۔

لیوان ڈاؤسکی کے پہلے اور تیسرے گول کے درمیان وقفہ محض چار منٹ کا تھا، اور یہ بھی بنڈس لیگا کا ایک ریکارڈ ہے۔ ا س سے قبل انیس سو اکانوے میں ڈوئسبرگ کے کھلاڑی میشائل ٹوئنیس نے تیز ترین ہیٹ ٹرک چھ منٹ میں اسکور کی تھی۔

میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیوان ڈاؤسکی کا کہنا تھا، ’’یہ حیران کن تھا۔ میں اپنے کھیل سے بےحد مطمئن ہوں۔ میرے لیے یہ ایک بہترین شام تھی۔‘‘

پولینڈ سے تعلق رکھنے والے لیوان ڈاؤسکی مزید کہتے ہیں: ’’ہم میچ کے پہلے ہاف میں ایک گول سے ہار رہے تھے، اور میں چاہتا تھا کہ کھیل میں تیزی آئے اور ہم گول کر سکیں۔ میں نے تیسرے اور چوتھے گول کے بعد نظر اٹھا کر اسکور بورڈ پر دیکھا تو میں حیران رہ گیا کہ اس وقت بھی میچ ختم ہونے میں خاصا وقت باقی تھا۔ کوچ کو مجھے بتانے کے لیے کچھ نہیں تھا۔ میں جانتا تھا کہ مجھے کیا کرنا ہے۔‘‘

یاد رہے کہ سن دو ہزار تیرہ میں کھیلے گئے چیمپئنز لیگ کے ایک میچ میں بوروسیا ڈورٹمنڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے لیوان ڈاؤسکی نے ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے خلاف چار گول کیے تھے اور ان کی کارکردگی کو بے حد سراہا گیا تھا۔

لیوان ڈاؤسکی نے میچ کا آغاز بینچ پر کیا تھا، جس کی وجہ ان کے پٹھوں میں معمولی تکلیف تھی۔ تاہم میدان میں اترتے ہی انہیں نے پانسا پلٹ دیا اور انیس سو ستتّر میں کولون کے کھلاڑی ڈیٹر موئیلر کی جانب سے ایک میچ میں چھ گول کرنے کے ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے۔ اگر وولسفبرگ کے گول کیپر نے ان کا ایک تقریباً ممکن گول نہ روک لیا ہوتا تو وہ یہ ریکارڈ بھی توڑ دیتے۔

میچ میں لیوان ڈاؤسکی کی کارکردگی کے بارے میں بائرن میونخ کے ہسپانوی کوچ پیپ گارڈیولا کا کہنا تھا، ’’میں نے اس سے قبل کبھی یہ منظر نہیں دیکھا۔ نو منٹ میں پانچ گول۔ لیوان ڈاؤسکی کافی عرصے سے جرمنی اور دنیا بھر میں ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید