1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’نيو يارک ميں دھماکے: ملزم نے تعليم پاکستان ميں حاصل کی‘

عاصم سلیم
27 ستمبر 2016

نيو يارک ميں ستمبر کے وسط ميں حملہ کرنے والے مشتبہ ملزم احمد خان رحیمی نے دينی تعليمات حاصل کرنے کے ليے چند ہفتے پاکستان ميں گزارے تھے۔ حکام اس افغان نژاد امريکی شہری کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تاحال خاموش ہيں۔

https://p.dw.com/p/2QdDm
New Jersey Verhaftung Ahmad Khan Rahami
تصویر: Reuters/Courtesy WABC-TV

احمد خان رحیمی نے پاکستانی علاقے کچلاک ميں دينی تعليم حاصل کی تھی۔ اس حوالے سے رپورٹيں آج کل پاکستانی ذرائع ابلاغ پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہيں۔ پاکستان روزنامے ’ڈان‘ کی ايک رپورٹ کے مطابق اٹھائيس سالہ رحیمی نے ايک مدرسے ميں ديے جانے والے مختلف ليکچروں ميں شرکت کی تھی۔ يہ امر اہم ہے کہ کچلاک کے علاقے کو پاکستان ميں طالبان کا گڑھ مانا جاتا رہا ہے۔ اس بارے ميں اطلاع ايک پاکستانی سکيورٹی اہلکار نے ’دا گارڈين‘ نامی برطانوی اخبار کو دی تھی۔

امريکی حکام يہ تو تسليم کر چکے ہيں کہ احمد خان رحیمی نے کوئٹہ کے ايک دورے پر شادی کی تھی تاہم ان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے امريکی حکام خاموش ہيں اور اس بارے ميں زيادہ تفصيلات جاری نہيں کی گئی ہيں۔ پاکستانی اخبار کی رپورٹ ميں ايک نامعلوم اہلکار نے يہ دعویٰ بھی کيا ہے پاکستانی سکيورٹی ايجنسيوں نے رحیمی کے کوئٹہ کے دورے کے بارے ميں تمام تفصيلات خفيہ رکھنے کی کوشش کی تھی۔

امريکی پولیس کا خیال ہے کہ مین ہیٹن کے قریبی علاقے میں ہفتہ سترہ ستمبر کے روز ہونے والے دھماکوں میں یہی افغان نژاد امريکی شخص ملوث تھا۔ ویک اینڈ پر ہونے والے ان دھماکوں کی لپیٹ میں آ کر کم از کم اکتيس افراد زخمی ہو گئے تھے۔