1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیا ایران سعودی تنازعہ، اس سال ایرانی حج پر نہیں جائیں گے

29 مئی 2016

سعودی عرب نے ایران کی جانب سے حج سے متعلق پیش کی گئی ’’ناقابل قبول‘‘ شرائط کو مسترد کر دیا ہے۔ ایران نے سعودی عرب کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس کی شرائط نہ مانی گئیں تو اس برس ایرانی شہری حج میں شرکت نہیں کریں گے۔

https://p.dw.com/p/1Iwl2
Beginn Pilgerfahrt Hadsch in Mekka 01.10.2014
ایرانی حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ برس ساٹھ ہزار ایرانی حج پر گئے تھےتصویر: Reuters/Muhammad Hamed

تہران سے نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ایک جائزے کے مطابق ایران نے اتوار کو کہاکہ اُس کے عازمین اس سال حج کے لیے سعودی عرب نہیں جا سکیں گے کیوں کہ مقاماتِ مقدسہ کا محافظ سعودی عرب رکاوٹیں ڈال رہا ہے اور اللہ کے ماننے والوں کو اُس کے گھر تک پہنچنے سے روک رہا ہے۔

ایرانی حج تنظیم نے کہا ہے:’’سعودی عرب ایرانیوں کے حج پر جانے کے بنیادی حق کی مخالفت کر رہا ہے اور اللہ کے راستے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔‘‘ مزید یہ کہ ایران نے مکے میں اپنے عازمینِ حج کے لیے ’سلامتی اور احترام‘ کے جو مطالبے کیے تھے، سعودی عرب اُن پر مناسب ردّ عمل ظاہر کرنے میں ناکام رہا ہے۔ تنظیم کے مطابق گزشتہ برس ساٹھ ہزار ایرانی حج پر گئے تھے۔

علاقائی حریفوں تہران اور ریاض کے درمیان اس تازہ ترین تنازعے کے حوالے سے ایرانی وزیر ثقافت علی جنتی نے کہا کہ ’’سعودیوں کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے باعث مذاکرات کے دو اَدوار بے نتیجہ رہے ہیں اور بد قسمتی سے ایرانی عازمینِ حج اس سال حج میں شریک نہیں ہو سکیں گے‘‘۔

سعودی حکام کے مطابق ایک ایرانی وفد ایرانی عازمینِ حج سے متعلق انتظامات کے حوالے سے کسی حتمی سمجھوتے پر پہنچے بغیر اپنا سعودی عرب کا دورہ ختم کر کےجمعے کو واپس وطن روانہ ہو گیا۔ ریاض کی وزارتِ حج کے مطابق دو روزہ مذاکرات میں سعودی حکام نے ایرنی مطالبات کے جواب میں ’بہت سے حل‘ پیش کیے تھے۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اتوار کے روز برطانوی وزیر خارجہ فیلپ ہیمونڈ کے ساتھ جدہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے حج کے دوران مظاہروں کی بھی شرط رکھی تھی، جس کو قبول نہیں کیا جا سکتا:’’ایران نے ترجیحی سہولتوں اور مظاہرے منظم کرنے کا حق مانگا تھا لیکن اس سے حج کے دوران ابتری پھیلے گی، یہ ناقابلِ قبول ہے۔‘‘

Saudi Arabien Adel al-Jubeir Besuch UK-Außenminister Philip Hammond
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر برطانوی وزیر خارجہ فیلپ ہیمونڈ کے ساتھ جدہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے (فائل فوٹو)تصویر: Reuters/F. Al Nasser

الجبیر کے مطابق سعودی عرب ہر سال ستّر سے زائد ملکوں کے ساتھ عازمینِ حج کی سلامتی اور حفاظت کی ضمانت سے متعلق یادداشتوں پر دستخط کرتا ہے لیکن ایران نے اس میمورینڈم پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تقریباً تین عشروں کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ ستمبر میں حج کے موقع پر ایرانی مسلمان موجود نہیں ہوں گے۔

1987ء میں مکے میں ایرانی حاجیوں اور سعودی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں چار سو سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد ان دونوں کے تعلقات چار سال تک خراب رہے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید