1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیا چینی سال، بے وفائیوں کی پیش گوئی

2 فروری 2011

چینی کیلنڈر کے مطابق ملک میں نیا سال کل سے شروع ہورہا ہے۔ نجومیوں نے پیش گوئیوں کی ہے کہ اس برس محبت میں بے وفائیوں کے واقعات زیادہ دیکھنے میں آسکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/109BR
تصویر: Fotolia/DeVIce

چینی عقیدے کے مطابق خرگوش سے منسوب اس سال کو خوش قسمتی کا سال تصور کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر بڑی تعداد میں چینی عوام نجومیوں سے رابطہ کرتے ہیں تاکہ نئے برس میں چھپے اپنے مستقبل کے بارے میں کچھ جان سکیں۔ چینی معاشرے میں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو ان پیش گوئیوں کو نہ صرف بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں بلکہ اپنی زندگی بھی انہی کے مطابق ترتیب دیتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیےچینی نجومیوں نے اس برس کے لیے بہت ہی دلچسپ پیش گوئیاں کی ہیں۔

Symbolbild Bundesliga Tipp 5
چینی عوام نجومیوں کی پیش گوئیوں پر بے انتہا یقین رکھتے ہیںتصویر: Noel Powell - Fotolia.com/DW

خبر رساں ایجینسی سے بات کرتے ہوئے ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے انتھونی چھینگ نامی ایک نجومی نے پیش گوئی کی ہے کہ اس برس بہت سے غیر معمولی رومانوی تعلقات دیکھنے میں آئیں گے۔ شادی شدہ جوڑوں کو خبردار کرتے ہوئے وہ بتاتے ہیں کہ اس برس بہت سے افراد شادی شدہ ہونے کے باوجود نئے رومانوی تعلقات شروع کریں گے جبکہ ایسے بھی کئی نئے جوڑے بنیں گے جن کی عمروں میں بہت زیادہ فرق ہوگا۔ نیا سال ان لوگوں کے لیے خوش نصیب ثابت ہوگا جو اس برس شادی کرنا چاہتے ہیں۔ان کی مزید پیش گوئی ہے کہ جو افراد اب تک کسی ساتھی کی تلاش میں تھے وہ اس برس کامیاب ہوں گے جبکہ شادی شدہ کئی جوڑے صاحب اولاد ہو جائیں گے۔

ان کی مزید پیش گوئی ہے کہ اس برس خواتین کو اپنی صحت سے متعلق معمول سے زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔نزلہ، زکام اور دیگر بیماریوں سے بچنے کے لیے انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دفتروں میں اپنی میز پر پیلے رنگ کی کدو کی طرح کی ایک سبزی رکھیں۔

Valentinstag in Seattle
نیا سال محبت میں بے وفائیوں کا سال ثابت ہو سکتا ہےتصویر: AP

اس برس صرف دل کے معاملات کے حوالے سے ہی نہیں بلکہ متوقع قدرتی آفات اور عجیب و غریب موسم کی بھی پیش گوئیاں کی گئی ہیں۔

الیون یو نامی ایک اور نجومی کے مطابق اس سال امریکا، کینیڈا اور تائیوان قدرتی آفات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ موسموں میں بھی شدت دیکھنے میں آئے گی یعنی موسم یا تو بہت ہی سرد رہے گا یا بہت گرم۔

ایک اور معروف چینی نجومی اور ٹی وی کے مشہور میزبان پیٹر سو کے مطابق شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات کشیدہ رہیں گے تاہم ان دونوں ممالک کو متوقع طور پر پھوٹنے والی کسی وبا کے بارے میں زیادہ فکر کرنی چاہیے۔

انتھونی چھینگ کی چند مزید پیش گوئیوں کے مطابق اس برس پاکستان، بھارت، کوریا اور افریقہ میں ٹرینوں کے حادثات، آتشزدگی،عمارات یا پلوں کے منہدم ہونے جبکہ روس اور چین میں پانچ یا ریکٹر اسکیل پر اس سے بھی شدید نوعیت کے زلزلے آنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب Four Pillars of Destiny نام کے قسمت کا حال بتانے والے چینی سسٹم کی جانب سے عالمی رہنماوں کے حوالے سے کی جانے والی پیش گوئیوں کے مطابق چینی صدر ہو جن تاؤ کے لیے یہ سال خوش قسمت جبکہ امریکی صدر باراک اوبامہ کے لیے اسط درجے کا رہے گا۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: افسراعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید