1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیلسن مینڈیلا ہسپتال میں، عوام تشویش کا شکار

28 جنوری 2011

جنوبی افریقہ میں ہیروکا درجہ رکھنے والے نیلسن مینڈیلا نا سازی طبعیت کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کی طبیعت انتہائی ناساز ہے لیکن خطرے کی کوئی بات نہیں۔

https://p.dw.com/p/106KM
تصویر: AP

ذرائع کے مطابق نیلسن مینڈیلا کو معمول کے چیک اپ کے لیے ہسپتال لایا گیا تھا۔ جب انہیں دوسرا دن بھی ہسپتال میں گزارنا پڑا تو اس خبر نے جنوبی افریقی عوام کو تشویش میں ڈال دیا۔ ہرگزرتے لمحے کے ساتھ اس تشویش میں اضافہ ہوتا چلا گیا اور پھر مختلف افواہوں نے گردش کرنا شروع کر دیا۔

92 سالہ مینڈیلا کے ایک قریبی ساتھی نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اب ان کی طبیعت قدرےبہتر ہے اور انہیں آج کسی وقت ہسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا،’ ان کی طبعیت ہے توکافی خراب لیکن ان کی حالت خطرےسے باہر ہے۔‘

Süsafrika Jacob Zuma nach der Wahl
جنوبی افریقہ کے موجودہ صدر جیکب زوماتصویر: AP

تاہم ہسپتال ذرائع سے مینڈیلا کو فارغ کیے جانے کی خبر کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر نیلسن مینڈیلا کو ہسپتال میں دیکھنے میں ان کے رشتہ داروں سمیت کئی اہم سیاسی شخصیات آئیں۔

جنوبی افریقہ کے موجودہ صدر جیکب زوما نے عوام کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نیلسن مینڈیلا پھیپڑوں کے علاج کی وجہ سے معمول سے چیک اپ کے لیے ہسپتال جاتے رہتے ہیں اور یہ بھی ان میں سے ایک ہے۔ تاہم انہوں نے ذرائع ابلاغ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیلسن مینڈیلا کے حوالے خبریں شائع کرنے سے پہلے احتیاط سےکام لیا جائے۔

آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو نےگزشتہ ہفتے ہی مینڈیلا سے ملاقات کے وقت کہا تھا کہ بانوے سال کی عمر میں بھی ان کی صحت بہت اچھی ہے۔ اب ٹو ٹوکا کہنا تھا، ’ اب ہم کیا چاہتے ہیں؟ ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں بہرحال کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘

امریکی صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ نے اس موقع پر نیلسن مینڈیلا کے لیے پیغامات ارسال کیے ہیں۔ ہسپتال کے قریب ایک اسکول کے بچوں نے رنگین تصاویر اور مختلف پیغام لکھ کر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی ہسپتال کے گرد سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ہیں اور پولیس کسی بھی صحافی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہی۔

نوبل انعام یافتہ نیلسن مینڈیلا اب عوامی محفلوں میں شرکت کم ہی کرتے ہیں۔گزشتہ برس جولائی میں فٹ بال کے عالمی کپ کا فائنل وہ آخری عوامی تقریب تھی، جس میں مینڈیلا نے شرکت کی تھی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں