1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیپال میں ہم جنس پرستوں کی پہلی پریڈ

28 جولائی 2010

نیپال میں اب تک منتخب ہونے والے پہلے ہم جنس پرست رکن پارلیمان سنیل پنت نے کہا ہے کہ ہمالیہ کی اس ریاست میں اگلے ماہ پہلی مرتبہ ہم جنس پرستوں کی ایک پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/OWRE
تصویر: DPA

فرانسیسی خبر رساں ادارے AFP سے بات چیت کرتے ہوئے سنیل پنت نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ رواں برس منعقد ہونے والی اس پریڈ میں نیپال کے علاوہ پڑوسی ممالک سے تین ہزار ہم جنس پرست شرکت کریں گے۔ پنت کا کہنا ہے کہ اس پریڈ میں ہم جنس پرستوں کے علاوہ تبدیلی جنس کرانے والے افراد کی شرکت بھی متوقع ہے۔

BdT Pride March in Indien
بھارت میں بھی ایک عدالتی حکمنامے میں ہم جنس پرستوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت کو ہدایات جاری کی گئی تھیںتصویر: AP

تفصیلات کے مطابق نیپال میں اس پریڈ کا انعقاد اگلے ماہ کی 25 تاریخ کو کیا جائے گا۔ اعلانیہ طور پر خود کو ہم جنس پرست کہلوانے والے سنیل پنت خود بھی اس پریڈ میں شریک ہوں گے اور پریڈکے شرکاء دارالحکومت کٹھمنڈو کی گلیوں میں مارچ کریں گے۔

اس پریڈ کے لئے اگست کی 25 تاریخ کا انتخاب اس لئے بھی کیا گیا ہے کیونکہ اس روز ہندو مت کا وہ تہوار بھی منایا جاتا ہے، جس میں مرد خواتین کا لباس پہنتے ہیں۔ یہ تہوار اسی اعتبار سے گزشتہ چند برسوں میں نیپال کی ہم جنس پرست کمیونٹی میں زیادہ مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔

سنیل پنت کا کہنا ہے کہ وہ اس پریڈ کو بین الاقوامی ایونٹ کا درجہ دلوانا چاہتے ہیں۔ ’’نیپال میں گزشتہ چند برسوں میں ہم جنس پرستوں کے حقوق کے حوالے سے کافی زیادہ پیش رفت ہوئی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس پریڈ کے ذریعے ہم ملک بھر میں رہنے والے ہم جنس پرستوں کو امید اور روشنی دیں گے تاکہ دوسرے متاثر ہوں۔‘‘

Gay Pride Parade in Indien
نیپال میں ہونے والی اس پریڈ میں پڑوسی ممالک سے بھی ہم جنس پرست شریک ہوں گےتصویر: DPA

دو برس قبل نیپال کی عدالتِ عظمیٰ نے حکومت کو ہدایات کی تھیں کہ وہ ایسی قانون سازی کرے، جس کے ذریعے ہم جنس پرستوں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنیل پنت کی قیادت میں کام کرنے والے حقوق انسانی کے ایک گروپ کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن کے بعد دیا تھا۔

سنیل پنت کے مطابق اس پریڈ میں شوخ رنگوں سے سجائے گئے ہاتھی اور گھوڑے بھی شامل کئے جائیں گے۔ اس موقع پر HIV اور ایڈز سے متاثر ہونے والوں اور تشدد کا نشانہ بننے والے ہم جنس پرستوں سے اظہار یکجہتی کے لئے موم بتیاں بھی روشن کی جائیں گی۔ 25 اگست کو منعقد ہونے والی اس پریڈ میں موسیقی کے مختلف پروگراموں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے اور پاپ موسیقی کے حوالے سے ملکی سطح پر معروف بینڈز بھی اس روزکٹھمنڈو کے مختلف مقامات پر اپنے فن کے مظاہرے کریں گے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں