1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وان نےکرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

30 جون 2009

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کےکامیاب ترین ٹیسٹ کپتان مائیکل وان نے کرکٹ سے ریٹائرہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ 34 سالہ وان نے 51 ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی قیادت کی جس میں سے 26 میں انگلینڈ کو فتح حاصل ہوئی۔

https://p.dw.com/p/IeTk
وان کو انگلینڈ کے کامیاب ترین کپتان ہونے کا اعزاز حاصل ہےتصویر: picture-alliance/dpa

وان گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے ٹیم میں اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ سکے تھے۔ اس ماہ آسٹریلیا کے خلاف ایشیز سیریز کی سولہ رکنی ٹیم میں جگہ نہ ملنے کی وجہ سے وان نے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا۔ وان نے کہا کہ انہوں نے بہت سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے اور ان کی نظر میں کرکٹ چھوڑنے کا یہ درست وقت ہے۔


بحیثیت کپتان وان کی سب سے بڑی کامیابی آسٹریلیا کے خلاف 2005ء کی ایشیزسیریز میں کامیابی تھی۔ وان نے 82 ٹیسٹ میں پانچ ہزار سات سو انیس رنز بنائے۔ انہوں نے 86 ایک روزہ اور دوٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی انگلینڈ کی نمائندگی کی۔ وان نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور پروفیشنل کرکٹ کھیلیں اور اپنے ملک کی نمائندگی کریں۔ انہوں نے چار سال پہلے آسٹریلیا کے خلاف جیتی جانے والی ایشیز سیزیز کا حوالہ دیتے ہوئے انگلینڈ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراؤس کو نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

’’میں اینڈریو سڑاؤس اور موجودہ ٹیم کو ایشیز سیریز میں جیت کے لئے اپنی نیک خواہشات پہنچانا چاہتا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ ان میں وہ جذبہ اور قابلیت ہے کہ وہ پھر سے 2005ء کی تاریخ دہرائیں۔ ایشیز سیریز‍ میں آسٹریلیا کے خلاف کامیابی میری زندگی کا سب سے بلند مقام ہے کیونکہ ہم صرف وہ سیریز جیتے نہیں تھے بلکہ پوری قوم کو اپنے ساتھ ملا لیا تھا اور ایسا کرکٹ میں ایک لمبے عرصے سے نہیں ہو پایا تھا۔‘‘

انگلینڈ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراؤس نے مائیکل وان کے اس فیصلے کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ وان کو ایک اچھے دوست کی حیثیت سے جانتے ہیں اور وان سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی غیرموجودگی ٹیم کا ہر کھلاڑی محسوس کرے گا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ