1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ وائڈ ویب کے بیس سال مکمل

عدنان اسحاق 18 مارچ 2009

انٹرنیٹ پر ورلڈ وائڈ ویب کے قیام کی ابتداء کو بیس سال گزر چکےہیں ۔ ان بیس برسوں کے دوران انٹرنیٹ کی دنیا میں بہت سی انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/HELy
ورلڈ وائڈ ویب کا علامتی اظہارتصویر: AP Graphics

مارچ 1989 میں انٹرنیٹ میں تکنیکی جدت کا آغاز ہوا اور www یعنی World wide web کا قیام عمل میں آیا۔ اس دن کے بعد سے انٹرنیٹ نے جس تیزی سے ترقی کی ،اس کی مثال نہیں ملتی۔ ماہرین کے مطابق اس وقت دنیا بھرمیں کوئی ایک ارب تیس کروڑ افراد ایسے ہیں جو انٹرنیٹ سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ورلڈ وائڈ ویب کی تو بیس برس قبل ابتداء ہوئی مگر انٹرنیٹ کی تاریخ اس سے زیادہ پرانی ہے۔ انٹرنیٹ کی بنیاد ساٹھ کی دہائی میں رکھی گئی۔ اس وقت امریکی افوج ایک ایسا کمپیوٹر نیٹ ورک تیار کرنا چاہتی تھیں، جس کے ذریعے محفوظ طریقے سے معلومات کا تبادلہ کیا جا سکتا ہو اور ساتھ ہی وہ اتنا محفوظ ہو کہ ایٹمی جنگ بھی اس میں موجود ڈیٹا پراثرانداز نہ ہو سکے۔ اس مقصد کے لئے Arpanet نامی ایک نیٹ ورک وجود میں آیا ، جس میں چند کمپیوٹرزکو ایک دوسرے سے جوڑا گیا تھا۔

20 Jahre World Wide Web Tim Berners-Lee W3C
ورلڈ وائڈ ویب دنیا بھر میں معلومات کے حصول اور تحقیق کا سب سے زیادہ تیز رفتار اور موثر ذریعہ سمجھا جاتا ہےتصویر: AP

اس کے بعد انٹرنیٹ نے ترقی تو کرنا شروع کی مگر اس ترقی سے عام افراد کو مستفید ہونے کا موقع نہیں دیا گیا۔ اس ترقی پر سب سے پہلے نظر یونیورسٹیوں اور تحقیقاتی اداروں کی پڑی اور پھر پہلی مرتبہ کسی بڑی تگ و دو کے بغیر، لوگوں کا دیگر ممالک میں ایک دوسرے کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس وقت انٹرنیٹ پر خفیہ کمانڈ کے بغیر کام کرنا نا ممکن تھا۔ اسکے علاوہ ایک مشکل یہ تھی کہ جو بھی کام کیا جار ہا ہے اس بارے میں مکمل تیکنیکی معلومات کا ہونا بھی لازمی تھا۔ مگر80 کی دہائی میں اس طرزعمل میں تبدیلی آئی اورجس کا سہرا سوئٹزرلینڈ کے ایک تحقیقاتی ادارے سے منسلک Tim Berners-Lee کے سر جاتا ہے۔ اپنی ریسرچ کے دوران انہیں ایک ایسے طریقے کی تلاش تھی جس کے ذریعے وہ اپنی ریسرچ آسانی اور بغیر کسی مشکل کے سب کے سامنے پیش کر سکیں۔ بالکل اسی طرح سے جیسا کہ آجکل world wide web کے ساتھ ممکن ہے۔ بنیادی طور پرBerners-Lee نے 1989 سے انٹرنیٹ کے حوالے سے بہت سی چیزیں ایجاد کیں۔ وہ پہلے Web Server اور انٹرنیٹ Browser کے خالق ہیں ۔ ساتھ ہی انٹرنیٹ پر بذریعہ Attachment مختلف فائلز کس طرح سے بھیجی جائیں، یہ خیال بھی سب سے پہلے انہی کے ذہن میں آیا۔

Tim Berners Lee und Robert Cailliau mit dem ersten Webserver
ورلڈ وائڈ ویب کے موجدتصویر: AP

Tim Berners اپنی ایجادات سے بہت زیادہ مالی فائدہ نہیں اٹھا سکے، کیونکہ 1993 میں انٹرنیٹ کو سب کے استعمال کے لئے مفت کر دیا گیا۔ مگر دوسری طرف عوام میں مقبولیت کے لئے یہ فیصلہ بہت کارآمد رہا کیونکہ اگراس وقت ایسا نہیں کیا جاتا تو شاید آج انٹرنیٹ اتنا مقبول نہ ہوتا۔

اصولی طور پرانٹرنیٹ آج بھی اسی طرح سے کام کر رہا ہے جیسا کہ 20 برس قبل۔ لیکن ایک تبدیلی یا جدت جو بہت بڑی ہے، اور وہ ہے ملٹی میڈیا، جس کے ذریعے تصاویر، میوزک ، ویڈیو اور اسی طرح کی کئی چیزیں کمپیوٹر پر دیکھی اور ایک کمپیوٹر سے بذریعہ انٹرنیٹ دنیا کے دوسرے سرے پر بھیجی اور براہ راست دیکھی جا سکتی ہیں۔ اور آج آپ اپنے دوست احباب اور دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود پیاروں سے بذریعہ انٹرنیٹ بات کرسکتےہیں بلکہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ان کو براہ راست دیکھ بھی سکتے ہیں۔ یہ ایسی سہولتیں ہیں جو بیس برس قبل یا تو سائنس فکشن فلموں میں نظر آتی تھیں یا یہ سب ایک خوشمنا خواب لگتا تھا۔