1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن: نامی کھلاڑیوں کی شکست کا احوال

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: ندیم گِل28 جون 2009

انگلینڈ کے شہر لندن میں ٹینس کھیل کا معتبر ٹورنامنٹ ومبلڈن جاری ہے۔ اِس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ گھاس پر کھیلا جاتا ہے اور دورانِ میچ گیند کی پوزیشن کا تعین کرنا کھلاڑی کے لئے بہت اہم ہو تا ہے۔

https://p.dw.com/p/IcmK
ومبلڈن کا لوگو

برطانوی شہر لندن میں جاری ٹینس کے سال رواں کے تیسرے گرینڈسلیم ٹورنامنٹ میں کھلاڑی اب پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ اِس مرحلے میں داخل ہونے والی خواتین کھلاڑیوں میں خاص طور پر نمایاں ولیمز سسٹرز ہیں۔ ولیمز سسٹرز کا تعلُق امریکہ سے ہے۔ اُن کے ساتھ ،سابقہ عالمی نمبر ایک، سیربیا کی آنا ایوانووچ بھی پری کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں۔ ایوانووچ فرنچ اوپن تک اچھی کارکردگی سے قاصر تھیں لیکن ومبلڈن میں وہ قدرے بہتر کھیل پیش کر رہی ہیں۔

Maria Sharapova
ماریا شاراپوواتصویر: AP

دوسری جانب مردوں میں برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے کے علاوہ سب سے نمایاں نام بِلاشُبہ عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کا ہے۔ جو رافیل ندال کی غیر موجودگی میں پندرہویں گرینڈ سلیم ٹائٹل کو اپنے نام کر سکتے ہیں۔ اگر وہ اِس کارنامے کو سرانجام دیتے ہیں تو امریکی لیجنڈری کھلاڑی پیٹ سیمپراس کے چودہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنےکا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

اب تک جو اہم کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں اُن میں خاص طور پر روسی کھلاڑی ماریا شارا پووا کا نام سرِ فہرست ہے۔ وہ دوسرے راؤنڈ میں باہر ہو گئیں تھیں۔ ایک سال تک وہ انجری کا شکار رہیں تھیں۔ خاصی محنت سے وہ ومیبلڈن میں شریک ہوئیں تھیں لیکن وہ ارجنٹائن کی غیر معروف کھلاڑی Gisela Dulko سے ایک زور دار مقابلے میں ہار گئیں۔ پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی دو نئی اور غیر معرُوف خواتین کھلاڑیوں نے دو اہم اور نامی کھلاڑیوں کو شکست دے کر سنسنی پھیلا دی ہے۔ ہارنے والی خواتین میں عالمی نمبر چھ اور سابقہ عالمی نمبر ایک، سیربیا کی ژالینا ژانکووچ کے ساتھ روسی خاتون کھلاڑی سویٹلانا کزنٹسووا نمایاں ہیں۔ سویٹلانا کزنٹسووا نے کوئی دو ڈھائی ہفتے قبل ہی فرنچ اوپن میں اپنی ہم وطن دینارا سافینا کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

Steffi Graf mit Svetlana Kuznetsova French Open 2009
فرنچ اوپن کی فاتح، سویٹلانا کزنٹسووا، معروف جرمن کھلاڑی سیٹیفی گراف سے ٹرافی لیتے ہوئے۔تصویر: picture-alliance / Schreyer Fotoagentur

سیربیا کی ژالینا ژانکووچ کو امریکی کھلاڑی Melanie Oudin کے ہاتھوں شکست کھانا پڑی۔ امریکی کھلاڑی عالمی درجہ بندی میں کے بغیر ہیں اور وہ کوالیفائی مرحلے سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ومبلڈن ٹورنامنٹ کے مرکزی دھارے میں داخل ہوئیں تھیں۔ اُن کی عمر صرف سترہ برس ہے۔ ژالینا ژانکووچ دورانِ میچ پوری طرح صحتمند بھی نہیں تھیں۔ میچ کھیلتے ہوئے بھی اُنہوں نے طبی امداد بھی حاصل کی۔ امریکی کھلاڑی Melanie Oudin کو اب اگلے مرحلے میں پولینڈ کی زوردار کھیل پیش کر نے والی خاتون Agnieszka Radwanska کا سامنا ہے۔

Serena Williams gewinnt Australian Open 2
امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمزتصویر: AP

روس کی موجودہ عالمی نمبر پانچ اور فرنچ اوپن کی چیمپئن سویٹلانا کزنٹسووا کو بھی ایک نئی جرمن کھلاڑی کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ امکاناً اِس کی وجہ زیادہ پُر اعتمادی خیال کی جا رہی ہے۔ جرمن کھلاڑی کا نام Sabine Lisicki ہے۔ سبینے اپنی زوردار سروس کی وجہ سے مشہور ہیں اور وہ صرف اُنیس برس کی ہیں۔ سویٹلانا کو ومبلڈن میں اُس دِن شکست ہوئی جب وہ جیت کر اپنی چوبیسویں سالگرہ کو یادگار بنانے کی خواہشمند تھیں۔ جرمن کھلاڑی Sabine Lisicki کا پری کوارٹر فائنل میں مقابلہ موجودہ عالمی نمبر نو Caroline Wozniacki سے ہو گا۔ سٹیفی گراف کے بعد ہو سکتا ہے ٹینس میں نوجوان سبینے لیسیکی جرمن پرچم کو بلند کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

مردوں کے مقابلوں میں ارجنٹائن کے عالمی نمبر پانچ ڈیل ژوان مارٹن ڈیل پوٹرو کی شکست اب تک سب سے بڑا اپ سیٹ خیال کیا جا رہا ہے۔ وہ دوسرے راؤنڈ میں ہار گئے تھے۔ اُن کو آسٹریلوی کھلاڑی لیٹن ہیوٹ نے شکست دی تھی۔ مردوں کے مقابلوں میں روسی کھلاڑی Nikolay Davydenko کا باہر ہونا بھی اپ سیٹ میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ابن کو چیک جچمہوریہ کے کھلاڑی Tomas Berdych نے شکست دی تھی۔