1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ون ڈے سیریز: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا

31 جنوری 2010

آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین موجودہ ون ڈے سیریز کے پرتھ میں ہونے والے پانچویں اور آخری میچ میں آسٹریلیا نےاتوار کے روز پاکستان کو دو وکٹوں سے ہرا دیا اور یہ سیریز پانچ صفر سے جیت لی۔

https://p.dw.com/p/Lo7K
ٹیسٹ سیریز کی طرح ون ڈے سیریزمیں بھی پاکستانی ٹیم کوئی میچ نہ جیت سکیتصویر: AP

ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے دونوں اوپنر سلمان بٹ اور خالد لطیف بغیر کوئی رن سکور کئے ہی آؤٹ ہو گئے۔ کچھ ہی دیر بعد یونس خان بھی تین رنز بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے اور تب تک پاکستانی ٹیم کا سکور صرف 16 تھا اور اس کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔

بعد کے اوورز میں شعیب ملک 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے اور ان کے بعد عمر اکمل نے 67 اور فواد عالم نے 63 رنز بنائے۔ کپتان شاہد آفریدی ایک رن پر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا سکور 42 ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز تھا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 212 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

جوابا آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنا کر یہ میچ جیت لیا۔ آسٹریلین اننگز کے ابھی چار گیند باقی تھے کہ موجودہ دورے کے دوران ٹیسٹ سیریز کی طرح ون ڈے سیریز میں بھی میزبان ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو وائٹ واش کر دیا۔

Pakistan Sri Lanka Cricket Salman Butt
پاکستانی اوپنر سلمان بٹ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئےتصویر: AP

میزبان ٹیم کی طرف سے کپتان رکی پونٹنگ نے 55 رنز بنائے جبکہ مائیکل ہسّی 40 کے ذاتی سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس میچ میں آسٹریلیا کی طرف سے McKay نے 9.3 اوورز میں 35 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

پرتھ میں پانچویں ون ڈے میچ کے دوران یہ بھی ہوا کہ پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے بظاہر ایک سے زائد مرتبہ بال کو دانتوں میں لے لیا یا اسے کاٹنے کی کوشش کی۔ اس پر ان کے خلاف بال ٹیمپرنگ کا الزام بھی سننے میں آیا۔

میچ کے بعد فوری سماعت کے دوران آفریدی نے مبینہ طور پر اپنے خلاف الزام کی درستگی کا اعتراف بھی کر لیا۔ اس پر میچ ریفری مدھوگالے نے سزا کے طور پر شاہد آفریدی کی اگلے دو ٹونٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت پر پابندی لگا دی۔

رپورٹ : مقبول ملک

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں