1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویت نام : انگریزی زبان کے استاد انگریزی میں فیل

31 اگست 2011

مشرق بعید کے ملک ویت نام میں محکمہ تعلیم کی ہدایت پر پرائمری سطح پر انگریزی پڑھانے والے اساتذہ کی انگریزی زبان کی مہارت کا امتحان لیا گیا۔ ایک معمولی تعداد کے سوا ٹیسٹ دینے والے تمام ٹیچرز فیل ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12QI8
تصویر: DW

ویت نام میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر وزارت تعلیم و تربیت کے ایک فیصلے سے سارے ملک میں پرائمری سطح پر انگریزی پڑھانے والے تمام اساتذہ پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ تعلیم و تربیت کی وزارت کا اصرار ہے کہ پرائمری سطح پر انگریزی پڑھانے والے اساتذہ اپنی انگریزی زبان کی مہارت کو بہتر بنائیں اور اس کے لیے ان کا امتحان پاس کرنا ضروری قرار دے دیا گیا ہے۔ ہر ٹیچر کو مطلوبہ امتحان پاس کرنے کے دو مواقع دیے گئے ہیں۔ اگر کوئی ٹیچر دو بار امتحان پاس کرنے میں ناکام رہتا ہے تو مجاز اتھارٹی اس کو ملازمت سے فارغ کردے گی۔

 ٹیچرز کو یہ امتحان ایک خاص اسکور کے ساتھ پاس کرنا لازمی ہے۔ امتحان پاس کرنے کے لیے نمبر حاصل کرنے کی حد 550 رکھی گئی ہے جو انگریزی زبان کے بین الاقوامی ٹیسٹ TOEFL کے قواعد کے مطابق ہے، یا پھر ان اساتذہ کو انٹرنیشنل انگلش ٹیسٹ کی اوسط چھ کو حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

Sprache der Zukunft: vietnamesische Schülerinnen mit Galeriebild Flagge Vietnam
ویت نام میں انگریزی کا مضمون پرائمری لیول پر لازمی طور پر پڑھایا جاتا ہے

پہلے امتحان کے بعد جو نتائج دستیاب ہوئے ہیں اس کے مطابق انگریزی پڑھانے والے ٹیچرز کی اکثریت اس امتحان میں ناکام ہو گئی ہے۔ مثلاً ویت نام کے جنوبی صوبے Ben Tre میں سات سو امتحان دینے والوں میں سے صرف ساٹھ اساتذہ پاس ہوئے۔ ہنوئی کے نوے اسکولوں کے ڈیڑھ سو ٹیچرز میں سے صرف 28 امتحان پاس کر سکے۔

 ویت نام میں انگریزی کا مضمون پرائمری لیول پر لازمی مضمون کی حیثیت رکھتا ہے۔ جو ٹیچرز پہلے امتحان میں فیل ہو گئے ہیں ان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں اسی قسم کے اگلے امتحان میں دوبارہ شریک ہوں۔ اس دوران وہ اپنی ملازمت جاری رکھ سکتے ہیں۔

ویت نام کی وزارت تعلیم و تربیت کے مطابق اس کے ملازم ٹیچرز کی انگریزی زبان پڑھانے کی مہارت کو بہتر کرنا ایک مشکل امر ہے اور حکام کا خیال ہے کہ سن 2020 تک تمام ٹیچرز کی استعداد کو بڑھایا جا سکے گا۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  حماد کیانی

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں