1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویمن فٹ بال: یورو چیمپئن جرمنی ایک بار پھر

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: افسر اعوان11 ستمبر 2009

خواتین فٹ بال کی یورپی چیمپئن شپ میں جرمن خواتین فٹ بالرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا بھرپور انداز میں دفاع کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Jcco
فائنل میچ کا ایک منظرتصویر: DPA

جرمنی نے خواتین کی یورپی فٹ بال چیمپئن شپ شاندار انداز میں جیت لی ہے۔ یورپی ملک فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں گزشتہ شام ہونے والے چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹیم جرمن کھلاڑیوں کے سامنے پوری طرح بے بس دکھائی دی۔

جرمن خواتین نے فائنل میں انگریز خواتین کو دو کے مقابلے میں چھ گولوں سے شکست دی۔ فائنل میچ کی ابتداء سے ہی جرمن خواتین کی ٹیم نے زوردار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے گول پر مسلسل حملے کئے۔ اِن حملوں سے انگلینڈ ٹیم کا دفاع ٹوٹ پھوٹ کر رہ گیا۔ جرمن خواتین کی فٹ بال ٹیم یورپی چیمپئن شپ کا دفاع کر رہی تھی۔

Deutsche Damenfussballmannschaft gewinnt 4:1 gegen Kanada in Ohio, Brigit Prinz
جرمن خاتون فٹ بالر بریگیٹ پرنس، ایک فائل فوٹوتصویر: AP

میچ کے پہلے ہاف میں جرمنی کی خواتین فٹ بالر کی جانب سے دو گول کئے گئے اور جواباً انگلش خواتین ایک گول کرنے میں کامیاب رہیں۔ وقفے کے بعد جرمن خواتین نے انگریز خواتین فٹ بالرز کو پوری طرح کنٹرول میں رکھا۔ اِس حصے میں جرمنی کی خواتین کھلاڑیوں نے مزید چار گول کر کے اپنے گولوں کی تعداد چھ کردی۔ انگلش ٹیم کی جانب سے دوسرے حصے میں مزید ایک گول کیا گیا۔

جرمن خواتین کی جانب سے کپتان Birgit Prinz اور ایک دوسری کھلاڑی Inka Grings نے دو دو گول کئے۔ جرمن خواتین فٹ بال ٹیم نے ہیلسنکی فائنل سے قبل مسلسل چار بار یورپی چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر رکھاتھا۔ انگلشن خواتین کا خیال تھا کہ وہ جرمن ٹیم کو پانچویں بار یہ اعزاز نہیں جیتنے دیں گی مگراُن کا یہ خیال خام ثابت ہوا۔ جرمن خواتین فٹ بالرز نے انگریز خواتین ٹیم کو اب تک کھیلے گئے اُنیس میچوں میں سترہ میں شکست دی ہے۔

جرمن ٹیم فٹ بال کے عالمی ادارے فیفا کی نگرانی میں کھلائے جانے والے خواتین کے عالمی کپ کی بھی چیمپئن ہے۔ جرمن خواتین نے سن دو ہزار دو کے بعد دوسری مرتبہ سن دو ہزار سات میں بھی عالمی چیمپئن شپ جیتی تھی۔

فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی کے اولمپک سٹیڈیم میں خواتین فٹ بال کی یورو چیمپئن شپ کے فائنل میچ کو دیکھنے آٹھ ہزار سے زائد شائقین موجود تھے۔ اُن میں یورپی فٹ بال کے نگران ادارے کے سربراہ Michel Platini بھی موجود تھے۔ وکٹری سٹینڈ پر جرمن خواتین کی ٹیم کی کپتان کو پلاٹینی نے ٹرافی عطا کی۔