1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینس فلمی میلہ: گولڈن لائن فلم ’فاؤسٹ‘ کے لیے

11 ستمبر 2011

وینس فلم فیسٹول کے اختتام پر گولڈن لائن کا اعزاز روسی ہدایت کار الیگزینڈر سوکوروف کی فلم ’فاؤسٹ‘ کو دیا گیا ہے۔ جرمن نژاد آئرش ایکٹر مائیکل فاسبندر بہترین اداکار قرار پائے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12Wng
ہدایت کار الیگزینڈر سوکوروفتصویر: dapd

وینس فلمی میلے کی اختتامی تقریب ہفتہ کی شام منعقد ہوئی۔ اس موقع پر فلم فاؤسٹ کے لیے روسی فلمساز الیگزینڈر سوکوروف کو گولڈن لائن کا اعزاز دیا گیا۔ اس فلم کی کہانی جرمن مصنف یوہان وولف گانگ گوئٹے کے تحریر کردہ انیسویں صدی کے ایک ڈرامے سے لی گئی ہے۔

فاؤسٹ کو بہترین فلم قرار دیے جانے کے بارے میں جیوری کے رکن ڈیرین ارونوفکی نے کہا: ’’بعض فلمیں ہوتی ہیں، جو آپ کو سپنوں کی دنیا میں لے جاتی ہیں، آپ کو رلا تی ہیں، ہنساتی ہیں اور سوچنے پر مجبور کرتی ہیں، اور بعض فلمیں ایسی ہوتی ہیں جو آپ کی زندگی ہمیشہ کے لیے بدل ڈالتی ہیں۔‘‘

سوکوروف گولڈن لائن کا اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے روسی ہدایت کار ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز Andrei Zviaguintsev کو دو ہزار تین میں فلم ’دا ریٹرن‘ کے لیے دیا گیا تھا۔

سلور لائن ڈائریکٹر ایوارڈ چین کے Cai Shangjun کے حصے میں آیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز ’پیپلز ماؤنٹین پیپل سی‘ کے لیے دیا گیا ہے۔

جرمن نژاد آئرش ایکٹر مائیکل فاسبندر کو فلم ’شیم‘ میں کردار نگاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کے لیے وہی فیورٹ تھے۔ اس فلم میں انہوں نے جنسی بے راہ روی کے شکار فرد کا کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم کی ہدایات اسٹیو مکیوئن نے دی ہیں۔

Michael Fassbender Venedig 2011
مائیکل فاسبندرتصویر: dapd

اس مرتبہ وینس فلم فیسٹول میں فاسبندر کی فلم ’آ ڈینجرس میتھڈ‘ بھی پیش کی گئی، جس میں انہوں نے ایک ماہر نفسیات کا کردار نبھایا ہے اور اس فلم کے ہدایت کار ڈیوڈ کروننبرگ ہیں۔

فاسبندر ابھرتے ہوئے اداکار ہیں اور وہ ’انگلوریئس باسٹرڈز‘ اور ’ہنگر‘ جیسی فلموں سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔

وینس فلمی میلے میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ’آ سمپل لائف‘ کے لیے Deanie Yip کو دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس فلم میں ادھیڑ عمر ایک نوکرانی کا کردار ادا کیا ہے۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں