1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینکوور میں سرمائی اولمپک مقابلے آج سے

12 فروری 2010

جمعہ بارہ فروری کوکينيڈا ميں وينکوور کےBC Placeسٹیڈیم ميں اکيسویں سرمائی اولمپک مقابلوں کا افتتاح ہو رہا ہے۔ 26 فروری تک جاری رہنے والے ان مقابلوں ميں 82 ملکوں کے 2700 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/LzK9
تصویر: AP

کينيڈا کے شہر وينکوور ميں ہونے والے کھيلوں کے 21ويں سرمائی اولمپک مقابلوں میں جرمنی کی ٹيم پہلا نمبر حاصل کرسکتی ہے۔ روس ماضی ميں 121ميں سے 119 گولڈميڈل حاصل کر کے ابھی تک سبقت رکھتا ہے ليکن امسالہ ونٹر اولمپکس ميں جرمن ٹيم کے روسی کھلاڑيوں پر سبقت لے جانے کے امکانات بہت روشن سمجھے جاتے ہيں۔ اس کے باوجود يہ مقابلے جرمنی کے تقريباً 150 کھلاڑيوں کے لئے سخت ثابت ہوسکتے ہيں۔

جرمن اولمپک ايسوسی ايشن کے صدر ٹوماس باخ نے کہا:''کينيڈا نے ميزبان ملک کی حيثيت سے خود کو نماياں کرنے کے لئے بہت سخت محنت کی ہے۔ ظاہر ہے کہ ايک بڑے ملک کی حيثيت سے امريکہ بھی دوسروں سے پيچھے نہيں رہنا چاہتا۔ ناروے بھی سن 2006 ميں ہونے والے Turin اولمپکس ميں اپنی کمزوريوں پر بڑی حد تک قابو پاچکا ہے۔ آسٹريا کی اولمپک ٹيم بھی خاصی طاقتور ہے۔ روس کئی کھيلوں ميں پھر سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس کے بعد ہماری جرمن ٹيم کا نمبر آتا ہے۔''

جرمن ٹيم نے Turin ميں سونے کے 11، چاندی کے 12 اور کانسی کے چھ ميڈل حاصل کئے تھے۔ تاہم گارمش پاٹن کرشن کے اسکيئنگ کے مشہور کھلاڑی کرسٹيان نوئے روئيتر نے کہا،''صرف ميڈلز پر بہت زيادہ توجہ دينا صحيح نہيں ہے بلکہ ديکھنا يہ چاہئے کہ مجموعی طور پر ٹيم اچھی نمائندگی کرے اور ہم سرمائی کھيلوں کے تمام شعبوں ميں آگے ہوں۔''

Flash-Galerie Wintersportvorschau
جرمن ٹيم نے Turin ميں سونے کے 11، چاندی کے 12 اور کانسی کے 6 ميڈل حاصل کئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی کی sledge يا برف گاڑی کی ريس ميں حصہ لينے والی اولمپک ٹيم کی قائد تاتيانا ہيوفنر ہيں۔ اُن کی ٹيم کو وينکوور ميں بہت سے ميڈل جيتنے کی اميد ہے۔ جرمنی کی برف پر تيزی سے پھسلنے کی دوڑ ميں حصہ لينے والی جينی وُلف کے بارے ميں بھی توقع ہے کہ وہ کوئی ميڈل حاصل کر ليں گی۔ کرسٹيان نوؤے روئتر نےجرمن خاتون کھلاڑيوں کے بارے ميں کہا کہ ماريا ريش،اُن کی ہمشيرہ سوُزانے اور عالمی چيمپين کاتھرين ہيولسل نے اس سال جس کارکردگی کا مظاہرہ کيا ہے،اُس کی بنياد پر کہا جاسکتا ہے کہ جرمنی کو بہت سےميڈل حاصل کرنے کے شاندار مواقع حاصل ہيں۔

جرمنی کی مردوں کی سکيئنگ ٹيم کے اشٹيفن کيپلر کی کاميابی کے امکانات کم ہيں،ليکن اسکيئنگ ميں سلالم يا زگ زيگ کی شکل ميں برف پر پھسلنے کے دوران رکاوٹوں کو پھلانگنے اور اُن سے بچتے ہوئے برف پر پھسلنے کی ريس ميں فيليکس روئے تھر ماہر ہيں اور وہ نماياں کاميابی حاصل کرسکتے ہيں۔انہوں نے حال ہی ميں پہلی بار ورلڈ کپ کے مقابلوں ميں شرکت کی تھی۔ جرمن نيشنل کوچ ہائنس مور نے کہا کہ اگر فيليکس اپنی بھرپور صلاحيتوں سے کام ليں تو وہ يقيناً ميڈل حاصل کرسکتے ہيں۔

ونٹر اولمپکس ميں کھيل کی 15شاخوں ميں مجموعی طور پر 86گولڈ ميڈل دئيے جائيں گے۔

رپورٹ : شہاب احمد صدیقی

ادارت : شادی خان سیف