1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویٹ لفٹٹنگ کی عالمی چیمپیئن شپ کا آغاز

22 ستمبر 2010

ترکی کے جنوبی شہر انطالیہ میں مردوں اور خواتین کی ویٹ لفٹنگ کی عالمی چیمپیئن شپ سترہ ستمبر سے شروع ہو چکی ہے۔ کل پندرہ مختلف ڈسپلن ہیں، جن میں مختلف ملکوں کے ایتھلیٹس وزن اٹھانے میں مصروف ہیں۔

https://p.dw.com/p/PIlD
تصویر: AP

انطالیہ میں جاری ویٹ لفٹنگ کی عالمی چیمپیئن شپ کی میزبانی ترک ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کر رہی ہے جبکہ اس کا نگران ادارہ انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن ہے۔ ترک فیڈریشن کے صدر حسن عکوس کے مطابق انطالیہ چیمپیئن شپ میں اکیاسی ملکوں کے 561 اتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں۔

کل پندرہ کیٹگریاں ہیں جن میں خواتین اور مرد کھلاڑی شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب کے وقت ترک پارلیمنٹ کے سپیکر محمد علی شاہین نے کہا کہ اس چیمپیئن شپ سے انطالیہ میں سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ اس کے علاوہ سپیکر نے ترکی میں کھیل کے بنیادی ڈھانچے میں ترقی اور بہتری پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

ترکی ہی میں گزشتہ دنوں باسکٹ بال کی عالمی چیمپیئن شپ منعقد کی گئی تھی۔ سپیکر نے اس بات کی خواہش کا اظہار بھی کیا کہ ترکی میں کھیل کے شعبے میں جو ترقی ہوئی ہے اس سے اب اولمپک کھیلوں کا انعقاد بھی ممکن ہے۔ انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کےصدر Tamas Ajan کا بھی کہنا تھا کہ ترکی میں کھیلوں کے شعبے میں سہولتوں اور مراکز میں ہونے والی حیران کن ترقی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اگلے بارہ سے سولہ سالوں میں اولمپک کھیلوں کی میزبانی ترکی کو مل جائے گی۔

انطالیہ میں جاری چیمپیئن شپ ترتیب کے اعتبار سے مردوں کی 78 ویں اور خواتین کی 21 ویں ہے۔ خواتین ویٹ لفٹر مختلف چون ملکوں سے شرکت کر رہی ہیں۔ کل 218 خواتین ایتھلیٹس شریک ہیں ۔ خواتین کے ریکارڈ ملک اس بار انطالیہ چیمپیئن شپ میں شریک ہیں۔ اس سے قبل تھائی لینڈ کے شہر چیانگمئی میں سن 2007 کی عالمی چیمپیئن شپ میں ترپن ملکوں کی خواتین ویٹ لفٹر شریک ہوئیں تھیں۔

Gewichtheben-WM in Chiang Mai - Almir Vegalic
اس چیمپیئن شپ میں 561 اتھلیٹس شریک ہیںتصویر: DPA

ویٹ لفٹنگ کی ورلڈ چیمپیئن شپ سالانہ بنیادوں پر منعقد کی جاتی ہے۔ اگلے سال کے عالمی مقابلوں کا میزبان شہر فرانس کا دارالحکومت پیرس ہے۔ گزشتہ سال عالمی سطح کے مقابلے جنوبی کوریا کے شہر گویانگ میں ہوئے تھے۔ جرمنی میں ویٹ لفٹنگ کی عالمی چیمپیئن شپ سن 1991 میں بلیک فارسٹ علاقے کے شہر Donaueschingen میں ہوئی تھی۔ روس اب تک مجمعوی طور پر سب سے زیادہ تمغے حاصل کرنے والا ملک ہے۔

انطالیہ عالمی سیاحتی مراکز میں ایک جداگانہ حیثیت کا حامل شہر ہے۔ اس کو جنت کا ٹکڑا کہا جاتا ہے۔ انطالیہ میں کھیلوں کے کئی بین الاقوامی مقابلے منعقد کئے جاتے ہیں۔اسی شہر میں سن 2001 میں ویٹ لفٹنگ کی عالمی چیمپیئن شپ منعقد کی جا چکی ہے جبکہ یورپی ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ سن 2002 میں ہوئی تھی۔ یہ امر دلچسپ ہے کہ ویٹ لفٹنگ میں ترک مرد خاصی دلچسپی رکھتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں