1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

يوکرائن ميں روسی ناقد زخمی، اہليہ ہلاک: معاملہ ہے کيا؟

عاصم سلیم
31 اکتوبر 2017

يوکرائنی دارالحکومت کيیف ميں فائرنگ کے ايک واقعے ميں ايک سابق چيچن فوجی زخمی اور اس کی اہليہ ہلاک ہو گئے ہيں۔ اس فوجی پر الزام تھا کہ وہ روسی صدر ولاديمير پوٹن کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی ميں ملوث رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2mn0K
Tschetschenien, Kämpfer Adam Osmayev
تصویر: picture-alliance/AP Photo/O. Engalycheva

يوکرائن کی وزارت داخلہ کے ايک مشير انٹون گيراشينکو نے تصديق کر دی ہے کہ ايک ريلوے ٹريک کے ساتھ سڑک پر گزرتے وقت ان کی گاڑی پر فائرنگ کے نتيجے ميں ايڈم اوسمايوو زخمی اور ان کی اہليہ امينہ اکويووا ہلاک ہو گئی ہيں۔ گيراشينکو نے اپنے فيس بک اکاؤنٹ پر لکھا کہ ايڈم اوسمايوو شديد زخمی ہوئے ہيں تاہم وہ زندہ بچ جائيں گے۔ اس پيش رفت کی تصديق يوکرائنی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بھی کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس واقعے کی تحقيقات ’پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت قتل‘ کے طور پر کی جائيں گی۔ یہ واقعہ پير تيس اکتوبر کے روز پيش آيا۔

رضاکارانہ بنيادوں پر چيچن فوج کا حصہ بننے والے اوسمايوو پر الزام تھا کہ انہوں نے 2012ء ميں ولاديمير پوٹن کی تيسری مدت صدارت کے آغاز سے کچھ ہفتے قبل انہيں قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ ماسکو حکومت کی جانب سے عائد کردہ اس الزام کے بعد انہيں قريب ڈھائی برس تک يوکرائن ہی ميں قيد رکھا گيا تھا تاہم انہيں روس منتقل نہيں کيا گيا تھا۔ اسی معاملے ميں ملوث ايک اور مجرم کو 2013ء ميں دس برس قيد کی سزا دے دی گئی تھی۔

روس کے کڑے ناقد اور اس کی مخالفت کرنے والے افراد کے يوکرائن ميں قتل کا يہ تازہ ترين واقعہ ہے۔ اس کے نتیجے ميں روس اور يوکرائن کے تعلقات ميں مزيد خرابی کا بھی امکان ہے۔ ايک يوکرائنی سياست دان آئيگور موسيچوک چند روز قبل ايک ٹيلی وژن اسٹيشن سے ايک انٹرويو کے بعد باہر نکل رہے تھے کہ ايک دھماکے ميں ان کا محافظ اور ايک شہری ہلاک ہو گئے۔ يوکرائنی تفتيش کاروں کا ماننا ہے کہ اس حملے ميں روسی سکيورٹی سروس کے اہلکار ملوث تھے۔

ايڈم اوسمايوو پر اس سے قبل بھی قتل کا حملہ ہو چکا ہے۔ اسی سال کيیف ميں يکم جون کو ايک حملے ميں وہ بچ گئے تھے۔ اس وقت ان کی بيوی نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر ديا تھا۔ قتل کی کوشش کرنے والے شخص نے خود کو فرانسيسی ادارے کے ساتھ کام کرنے والا ايک صحافی بتايا تھا تاہم يوکرائنی وزارت داخلہ نے اس کی شناخت ايک روسی شہری کے طور پر کی تھی۔ مقامی سطح پر مشہور يہ جوڑا روسی حمايت يافتہ باغيوں کے خلاف برسرپيکار رہا ہے۔