1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹائیگر وُڈز کا کھیل پھر سے شروع

9 اپریل 2010

مایہ ناز گولفر ٹائیگر وُڈز بالآخر کھیل کی طرف واپس لوٹ آئے ہیں۔ انہوں نے پانچ ماہ کے وقفے کے بعد جمعرات کو پروفیشنل کھلاڑی کے طور پر کھیل کا نیا آغاز 74 ویں یو ایس ماسٹرز ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں شرکت سے کیا۔

https://p.dw.com/p/MrGZ
تصویر: AP
Forbes 2003 Golf Sportler Tiger Woods Porträtfoto
وُڈز پانچ ماہ تک کھیل سے دُور رہے

اس موقع پر ان کے ہزاروں پرستاروں نے ان کا خیرمقدم کیا۔ یہ ٹورنامنٹ امریکی ریاست جارجیا میں آگسٹا

نیشنل گولف کلب میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے وقت ٹائیگر کو دیکھنے کے لئے ان کی والدہ کُلٹیڈا وُڈز بھی موجود تھیں۔

ٹائیگر وُڈز نے اپنی ذاتی زندگی میں مسائل کے باعث گولف سے کنارہ کر لیا تھا، جو دراصل ان کی اپنی اہلیہ سے بے وفائی کے اعتراف کے نتیجے میں پیدا ہوئے تھے۔ ان حالات نے گزشتہ برس نومبر کے وسط میں اس وقت سر اٹھایا تھا، جب وُڈز کی کار ایک حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ بعد ازاں تقریباﹰ ایک درجن خواتین نے ان سے جنسی تعلقات رکھنے کا دعویٰ کیا تھا۔

وُڈز نے جمعرات کو اپنے پہلے پریکٹس راؤنڈ کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا: ’میں نے بعض کام واقعی ہیبت ناک کئے ہیں، لیکن اب میرے پرستار مجھے ایک مرتبہ پھر میدان میں دیکھ رہے ہیں۔ یہ سب اچھا ہے۔‘

انہوں نے اپنے پرستاروں کی جانب سے حوصلہ افزائی کو سراہا اور کہا: ’یہ سب دیکھ کر میں بہت خوش ہوں۔‘

آگسٹا نیشنل گولف کلب میں ہونے والے ان مقابلوں سے قبل انہوں نے گزشتہ برس کے اواخر میں آسٹریلین ماسٹرز میں حصہ لیا تھا، جبکہ اپنی اہلیہ سے بے وفائی کے اعتراف کے بعد سے ان کی ذاتی زندگی ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ ان حالات کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ اپنے رویے پر سرعام شرمندگی رواں برس فروری میں ظاہر کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی بیوی، بچوں، والدہ، دوستوں اور ان سب لوگوں کا دل دکھایا، جو ان سے بہت پیار کرتے ہیں۔

Tiger Woods Elin Nordegren Flash-Galerie
ٹائیگر وُڈز اپنی اہلیہ کے ساتھتصویر: picture-alliance / dpa

اس وقت انہوں نے کھیل کی جانب لوٹنے کا امکان بھی ظاہر کر دیا تھا۔ تاہم انہوں نے کھیل کی جانب لوٹنے کا باقاعدہ اعلان گزشتہ ماہ کے وسط میں ہی کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل سے طویل اور ضروری وقفے کے بعد، وہ خود کو دوبارہ کھیلنے کے لئے تیار محسوس کر رہے ہیں۔

ٹائیگر وڈز اب تک یو ایس ماسٹرز ٹورنامنٹ کے چار ٹائٹل جیت چکے ہیں، جن میں سے پہلا انہوں نے 1997ء میں جیتا تھا۔ تب وہ یہ ٹائٹل جیتنے والے پہلے سیاہ فام گولفر تھے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں