1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ صدارت کے پہلے چند گھنٹوں میں کیا کچھ کرنے والے ہیں؟

علی کیفی اے ایف پی
15 جنوری 2017

امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کا پہلا دن بہت ہی مصروف ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ صدر بننے کے بعد پہلے چند گھنٹوں میں ہی متعدد اہم اقدامات کرنے والے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2Vp21
New York City Trump erste PK als designierter Präsident
تصویر: Getty Images/AFP/T. A. Clary

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ایک جائزے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اور پھر صدارتی انتخابات میں اپنی کامیابی کے بعد جن عزائم کا اظہار کیا ہے، اُن کی روشنی میں دیکھا جائے تو اُن کے دورِ صدارت کا پہلا دن انتہائی مصروف گزرے گا۔

اس جائزے کے مطابق توقع یہ کی جا رہی ہے کہ ٹرمپ اپنے پیش رو باراک اوباما کے آٹھ سالہ دور میں کیے گئے متعدد اقدامات کو منسوخ کرنے کا عمل شروع کر دیں گے۔ اوباما کے کئی ایک اقدامات کو وہ بیک جنبشِ قلم منسوخ کر سکتے ہیں جبکہ دیگر کو منسوخ کرنے میں کئی مہینے یا اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

ستّر سالہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورِ صدارت کے پہلے چند گھنٹوں کے اندر اندر درجنوں اقدامات کرنے کا خاکہ تیار کر چکے ہیں، جن میں ممکنہ طور پر صحت کے شعبے میں ’اوباما کیئر‘ کہلانے والی اصلاحات کی منسوخی کے ساتھ ساتھ غیر قانونی تارکینِ وطن کی اُن کے آبائی ملکوں کو جبری واپسی، متعدد تجارتی معاہدوں کی منسوخی اور میکسیکو کے ساتھ ملنے والی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا اعلان شامل ہو سکتے ہیں۔

تاہم ماہرین نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے روز کی مصروفیات کے حوالے سے ٹرمپ کے عزائم جو بھی ہوں، اُنہیں عملی جامہ پہنانے کی گنجائش بہرحال محدود ہو گی۔ امیگریشن اٹارنی ڈیوڈ لیوپولڈ نے اے ایف پی کو بتایا:’’یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ آئیں اور پہلے ہی روز ہر وہ اقدام کر ڈالیں، جو وہ کرنا چاہتے ہیں۔ جمہوریت میں کوئی چیف ایگزیکٹیو آفیسر نہیں ہوتا۔‘‘

اس کے باوجود توقع یہ کی جا رہی ہے کہ ٹرمپ ’اوباما کیئر‘ کو ختم کرنے اور اُس کی جگہ متبادل اصلاحات لانے کے احکامات پر فوری طور پر دستخط کر دیں گے۔ اس کے فوراً بعد وہ کانگریس پر ان اصلاحات کا متبادل تیار کرنے  کے لیے زور دیں گے۔ یہ اور بات ہے کہ ابھی ری پبلکن پارٹی کی طرف سے ان اصلاحات کے متبادل کے طور پر کوئی تجویز سامنے نہیں لائی گئی۔

Grenzzaun Mexiko USA
ٹرمپ غیر قانونی تارکینِ وطن کی آمد کو روکنے کے لیے میکسیکو کے ساتھ ملنے والی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے احکامات دے سکتے ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Gay

اپنی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اُن سزا یافتہ مجرموں کو ڈی پورٹ کرنا چاہیں گے، جو غیر قانونی طور پر امریکا میں قیام پذیر ہیں  اور جن کی تعداد اُن کے بقول دو ملین سے بھی زیادہ ہے۔ اگست میں ایریزونا میں ٹرمپ نے کہا تھا:’’صدر کے طور پر پہلے روز، پہلے گھنٹے ہی میں، سمجھ لیں کہ یہ لوگ تو گئے۔‘‘ تاہم امیگریشن اٹارنی ڈیوڈ لیوپولڈ کے مطابق صدر کے پاس کسی شخص کو جبراً وطن واپس بھیجنے کے اختیارات ہی نہیں ہیں۔

ٹرمپ اپنی صدارت کے پہلے روز غیر قانونی تارکینِ وطن کی آمد کو روکنے کے لیے میکسیکو کے ساتھ ملنے والی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا ڈول ڈال سکتے ہیں اور شامی مہاجرین کے لیے متعارف کروائے گئے پروگرام کی معطلی کے احکامات جاری کر سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے یہ بات بھی راز نہیں رہنے دی کہ وہ نہ صرف امریکی انڈسٹری میں ماحولیاتی تحفظ کی امریکی ایجنسی EPA کی مداخلت کو ختم کر دیں گے بلکہ اوباما کے اُس ’کلین پاور پلان‘ کو بھی منسوخ کر دیں گے، جس میں بجلی گھروں سے کاربن گیسوں کے اخراج کو کم یا ختم کرنے کی بات کی گئی ہے۔