1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کہیں تو چین پر جوہری حملہ کر سکتے ہیں، امریکی کمانڈر

اے ایف پی
27 جولائی 2017

امریکا کے بحرالکاہل میں تعینات بحری بیڑے کے کمانڈر ایڈمرل اسکاٹ سوفٹ نے کہا ہے کہ اگر امریکی فوج کے کمانڈر ان چیف یعنی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حکم  دیں تو  چین پر جوہری حملہ کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2hDKX
USA Donald Trump
امریکی صدر اپنے ملک کی افواج کا با لحاظِ منصب کمانڈر انچیف ہوتا ہےتصویر: picture alliance/AP/M. Schreiber

 یہ بات امریکی ایڈمرل کمانڈر  نے امریکا اور آسٹریلیا کی آسٹریلوی پانیوں میں مشترکہ فوجی مشقوں کے بعد آسٹریلیا کی نیشنل یونیورسٹی میں منعقدہ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں کہی۔ ان مشترکہ فوجی مشقوں کی نگرانی شمال مشرقی آسٹریلوی ساحل سے دور ایک چینی انٹیلجنس بحری جہاز نے کی تھی۔

 امریکی ایڈمرل نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوج کے کمانڈر انچیف کی حکم عدولی کسی طور پر درست قرار نہیں دی جا سکتی۔

کانفرنس کے سامعین میں سے جب ایک طالب علم نے یہ پوچھا کہ اگر امریکی صدر آئندہ ہفتے چین پر جوہری حملہ کرنے کا حکم دیں تو کیا ایڈمرل اس پر عمل در آمد کریں گے؟ اس پر ایڈمرل اسکاٹ سوفٹ نے اثبات میں جواب دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوج میں شمولیت کرنے والا ہر فوجی اس بات کا حلف اٹھاتا ہے کہ وہ کمانڈر ان چیف کا وفادار رہے گا۔ امریکی صدر اپنے ملک کی افواج کا با لحاظِ منصب کمانڈر انچیف ہوتا ہے۔

پیسیفک بحری بیڑے کے ترجمان چارلی براؤن نے بعد میں کہا کہ کمانڈر سوفٹ کے جواب نے ایک بار پھر اس بات کی توثیق کی ہے کہ امریکا میں فوج سول حکومت کے ماتحت ہے۔ براؤن نے کہا کہ ایڈمرل سوفٹ سے کیے گئے سوال کا جواب بظاہر اُس سوال سے متعلق تھا لیکن دراصل وہ فوج پر سول کنٹرول کے اصول پر بات کر رہے تھے۔